September 2, 2026
google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

سول اسپتال سکھر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی، جمعیت علماءِ اسلام نے احتجاجی مظاہروں کا اعلان واپس لینے پر غور شروع کردیا

IMG-20260901-WA0248
google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

سول اسپتال سکھر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی، جمعیت علماءِ اسلام نے احتجاجی مظاہروں کا اعلان واپس لینے پر غور شروع کردیا

سکھر(بیورورپورٹ)سول اسپتال سکھر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (اے ایم ایس) ڈاکٹر زاہد ملک نے وفد کے ہمراہ جمعیت علماءِ اسلام کے عوامی مسائل دفتر پہنچ کر جے یو آئی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسپتال انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ سول اسپتال میں مریضوں کو درپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جس پر جے یو آئی کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا اعلان واپس لینے پر غور کیا گیا۔ملاقات کے دوران سول اسپتال سکھر کے ایم ایس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور اے ایم ایس ڈاکٹر زاہد ملک نے جمعیت علماءِ اسلام کے مرکزی ناظم مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا محمد عابد سندھی، مفتی اعظم مہر، قاری لیاقت علی مغل اور مولانا عبدالغنی چوہان سے تفصیلی ملاقات کی اور اسپتال سے متعلق شکایات و مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر جمعیت علماءِ اسلام کے مرکزی ناظم مفتی سعود افضل ہالیجوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال سکھر سندھ کا ایک بڑا سرکاری طبی ادارہ ہے، تاہم یہاں بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں صفائی ستھرائی کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول فراہم کیا جائے۔انہوں نے گائنی وارڈز میں زیر علاج خواتین کو درپیش مسائل کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ داخل مریضوں کی مناسب دیکھ بھال اور علاج معالجے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ مفتی سعود افضل ہالیجوی نے کہا کہ سرکاری اسپتال میں آنے والے غریب اور مستحق مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔جے یو آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سول اسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ، الٹراساؤنڈ، ایکسرے، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین سمیت دیگر ضروری طبی تشخیصی سہولیات مریضوں کو بلا معاوضہ فراہم کی جائیں تاکہ غریب افراد کو نجی مراکز کا رخ نہ کرنا پڑے اور وہ مہنگے ٹیسٹوں کے اخراجات سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سول اسپتال کے ڈاکٹرز مریضوں کو کمپنیوں کی مہنگی ادویات باہر سے خریدنے کے لیے تجویز کرنے کے بجائے اسپتال میں دستیاب سرکاری ادویات فراہم کریں۔ اس کے علاوہ اسپتال میں پارکنگ کا نظام بھی بحال کیا جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو آمدورفت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر ایم ایس سول اسپتال سکھر ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور اے ایم ایس ڈاکٹر زاہد ملک نے جے یو آئی رہنماؤں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال میں مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں مریضوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، مریضوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور انہیں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سول اسپتال کو مزید بہتر بنانے کے لیے پہلے بھی متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور مستقبل میں بھی سہولیات میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور ڈاکٹر زاہد ملک نے جے یو آئی رہنماؤں کا مسائل کی نشاندہی اور اسپتال انتظامیہ کو عوامی شکایات سے آگاہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی خدمت اور انہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0