پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر، حکومت فوری ریلیف دے، شبیر میمن
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر، حکومت فوری ریلیف دے، شبیر میمن
سکھر(بیورورپورٹ) آل سکھر تاجر اتحاد کے جنرل سیکرٹری شبیر میمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کاروباری طبقے اور عام شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے براہِ راست اثرات ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش، زرعی اجناس اور دیگر کاروباری شعبوں پر پڑتے ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں کاروباری افراد کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں جبکہ عوام کی قوتِ خرید پہلے ہی متاثر ہے۔ شبیر میمن نے کہا کہ روزانہ بنیادوں پر پیٹرولیم قیمتوں میں ردوبدل سے کاروباری طبقے کے لیے قیمتوں کا تعین اور کاروباری منصوبہ بندی مزید مشکل ہو گئی ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ٹیکسز اور دیگر مالی بوجھ پر نظرثانی کی جائے اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو تاجر برادری کے مسائل سنجیدگی سے سننے اور کاروبار دوست پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو اس کے منفی اثرات نہ صرف تجارت بلکہ عام صارفین کی زندگی پر بھی مزید نمایاں ہوں گے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام اور تاجر برادری کو فوری ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے سے گریز کیا جائے۔