سکھر شہر میں تجاوزات کی بھرمار، میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم ایک بار پھر متحرک
سکھر شہر میں تجاوزات کی بھرمار، میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم ایک بار پھر متحرک
مینارہ روڈ نیم کی چاڑھی پر تجاوزات کے خلاف آپریشن، دکانوں کے باہر رکھا غیر قانونی سامان تحویل میں لے لیا گیا
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم ایک بار پھر متحرک ہوگئی۔ میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے انسپکٹر عدنان میمن کی سربراہی میں مینارہ روڈ نیم کی چاڑھی کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑک اور فٹ پاتھ پر دکانوں کے سامنے رکھا گیا غیر قانونی سامان ہٹا دیا۔کارروائی کے دوران ٹیم نے مختلف دکانوں کے باہر سڑک پر رکھے گئے سامان، جن میں دکانوں کا اضافی مال اور دیگر اشیاء شامل تھیں، کو میونسپل کارپوریشن کی گاڑی کے ذریعے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کی کارروائی کے باعث سڑک کے اطراف قائم عارضی تجاوزات ختم ہونے سے آمدورفت میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی۔ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں دکانداروں کی جانب سے دکانوں کی حدود سے باہر سامان رکھنے کے باعث سڑکیں اور فٹ پاتھ سکڑتے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو پیدل چلنے اور گاڑیوں کی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔میونسپل کارپوریشن کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائی کو شہریوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آپریشن کو صرف ایک علاقے تک محدود رکھنے کے بجائے شہر بھر میں بلاامتیاز جاری رکھا جائے تاکہ سرکاری سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک کیا جاسکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مستقل اور مؤثر کارروائی کے ساتھ ساتھ دکانداروں کو بھی اپنی حدود میں کاروبار کرنے کا پابند بنایا جائے، تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی بحال رکھنے اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستے کھلے رکھنے میں مدد مل سکے۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے کارروائی کے دوران واضح کیا کہ سرکاری جگہ پر غیر قانونی طور پر سامان رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔