ٹھٹھہ (رپورٹ)عبدالعزیز شیخ
میرپور ساکرو میں 13 ایکڑ زرعی زمین پر مبینہ قبضے کے خلاف وارث کا احتجاج، تحقیقات کا مطالبہ
میرپور ساکرو میں مرحوم علی حسن کے وارث اکبر حسین ولد مرحوم علی حسن نے میڈیا نمائندگان کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے والد کی زرعی زمین پر مبینہ طور پر قبضہ کرکے اسے فروخت کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اکبر حسین کے مطابق ان کے والد مرحوم علی حسن کی زرعی زمین، جس کا رقبہ 58.33 ایکڑ بتایا جاتا ہے، دیہہ پلیجانی، تعلقہ میرپور ساکرو میں واقع ہے اور یہ زمین کئی سالوں سے ان کے قبضے اور استعمال میں رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ زمین کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف مسائل پیدا ہوتے رہے ہیں، جس کے باعث زمین سے متعلق کیس نمبر 1390/2000 ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔ اس کے باوجود، ان کا الزام ہے کہ آدم اور سلمان نامی افراد ان کی تقریباً 13 ایکڑ زمین پر مبینہ قبضہ کرکے اسے فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اکبر حسین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کروا کر زمین کی اصل ملکیت اور حقائق سامنے لائے جائیں، مبینہ قبضے اور فروخت کی کوششوں کا نوٹس لیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی اقدام کریں گے اور متعلقہ اداروں سے فوری مداخلت کی امید رکھتے ہیں۔
4









