سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف عوامی و معلوماتی پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں صحافت کے معاشرتی کردار،
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریڈیو پاکستان سرگودھا کے معروف عوامی و معلوماتی پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں صحافت کے معاشرتی کردار، عوامی مسائل کی نشاندہی، قبرستانوں کے تحفظ، چار دیواری، تجاوزات کے خاتمے، صفائی و ستھرائی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے خصوصی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں سینئر صحافی ملک طارق ایم اے اعوان اور سینئر صحافی تنویر احمد قریشی (اے پی پی سرگودھا ریجن) نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کی میزبانی سبطین بلوچ نے کی۔ گفتگو کے دوران صحافت کے معاشرتی کردار اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں میڈیا کی اہمیت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ریڈیو پاکستان سرگودھا کے ساتھ تعاون کرنے والے پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور دیگر متعلقہ اداروں سے وابستہ صحافیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جو عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
پروگرام میں سامعین کی جانب سے موصول ہونے والی مختلف شکایات اور تجاویز بھی زیرِ بحث آئیں۔ ایک کالر نے سرگودھا کے بڑے قبرستان کے حوالے سے توجہ مبذول کرائی، جس پر دونوں سینئر صحافیوں نے قبرستانوں کی موجودہ صورتِ حال، انتظام و انصرام اور شہری ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
اسی طرح 153 شمالی سے موصول ہونے والی شکایت میں قبرستان کی چار دیواری اور وہاں موجود مسائل کی نشاندہی کی گئی، جبکہ شاہ مقصود، تحصیل ساہیوال کے قبرستان کی چار دیواری، تجاوزات کے خاتمے اور مناسب انتظامات کے حوالے سے بھی توجہ دلائی گئی۔
اس موقع پر سینئر صحافیوں نے تجویز پیش کی کہ حکومتِ پنجاب اور متعلقہ اداروں کو قبرستانوں کے تحفظ اور بہتر انتظام کے لیے مؤثر اور جامع پالیسی تشکیل دینی چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جس طرح مختلف شعبہ جات میں خصوصی فورسز قائم کی گئی ہیں، اسی طرح ’’گریویارڈ فورس‘‘ کے قیام پر بھی غور کیا جائے، جو قبرستانوں کی حفاظت، صفائی، دیکھ بھال اور بنیادی سہولیات کی نگرانی کی ذمہ دار ہو۔
مذاکرے میں کہا گیا کہ قبرستانوں میں مناسب چار دیواری، روشنی، صفائی، شجرکاری اور پھولوں کی تنصیب کے ساتھ ان کی تزئین و آرائش جدید انداز میں کی جانی چاہیے تاکہ شہری اپنے مرحومین کی قبروں پر باوقار ماحول میں حاضری دے سکیں اور ایصالِ ثواب کر سکیں۔
سینئر صحافیوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ قبرستانوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کیا جائے اور تمام قبرستانوں کا باقاعدہ سروے اور مردم شماری کر کے ان کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ ان اقدامات سے قبرستانوں کی زمین کے تحفظ، تجاوزات کی روک تھام اور بہتر انتظام و انصرام میں مدد مل سکتی ہے۔
پروگرام میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ قبرستان معاشرے کا اہم حصہ ہیں، اس لیے مختلف مذاہب اور برادریوں کے قبرستانوں کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔
سینئر صحافیوں نے حکومتِ پنجاب، حکومتِ پاکستان اور کمشنر سرگودھا ڈویژن سے مطالبہ کیا کہ سرگودھا کے تمام اضلاع اور متعلقہ علاقوں میں قبرستانوں کی چار دیواری، تجاوزات کے خاتمے، صفائی و ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے قبرستانوں کی دیکھ بھال کے لیے باقاعدہ نظام وضع کرنے اور مجوزہ ’’گریویارڈ فورس‘‘ کے قیام پر بھی غور کرنے کی تجویز دی۔
پروگرام میں ماہِ ربیع الاول اور عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر کہا گیا کہ نبی آخر الزماں، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ ہمارے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات، فرمودات، اخلاقِ حسنہ، صبر، برداشت، رواداری اور انسانیت سے محبت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا کر ہم نہ صرف ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں بلکہ اپنی زندگی کو بھی کامیاب اور بامقصد بنا سکتے ہیں۔ ماہِ ربیع الاول ہمیں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔
پروگرام کے دوران سامعین نے ٹیلی فون کے ذریعے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں اور سینئر صحافیوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قبرستانوں کے تحفظ اور بہتر انتظام کے حوالے سے مؤثر اقدامات عملی طور پر نافذ کیے جائیں۔
پروگرام کے شرکاء نے اس امر پر بھی زور دیا کہ میڈیا کا بنیادی مقصد صرف مسائل کی نشاندہی کرنا نہیں بلکہ عوامی مسائل کو ذمہ داری کے ساتھ متعلقہ حکام تک پہنچانا اور ان کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنا بھی ہے۔ اس حوالے سے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے عوامی مسائل پر مبنی پروگراموں کو اہم قرار دیا گیا۔
سینئر صحافیوں نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے اہم موضوعات پر مثبت مکالمے کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں آگاہی اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پروگرام کے پروڈیوسر جمشید قادری اور ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں، جبکہ پروگرام کی میزبانی سبطین بلوچ، سینئر اینکر پرسن، ریڈیو پاکستان سرگودھا نے کی۔