*ساہیوال: خاتون کو بلیک میل کرنے اور مبینہ زیادتی کا مقدمہ، ایس ایچ او ہڑپہ معطل*
*ساہیوال:
خاتون کو بلیک میل کرنے اور مبینہ زیادتی کا مقدمہ، ایس ایچ او ہڑپہ معطل*
ساہیوال: تھانہ غلہ منڈی میں ایک خاتون کی مدعیت میں زنا بالجبر اور بلیک میلنگ کا سنگین مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 1361/26 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی پی او ساہیوال نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پیسوں کے لین دین کے معاملے پر ایس ایچ او ہڑپہ کو معطل کر دیا ہے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے لاہور میں سی ایس ایس کی تیاری کے دوران دوستی ہوئی، جس کے بعد شادی کا جھانسہ دے کر تعلقات قائم کیے گئے اور اس دوران مبینہ طور پر نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنائی گئیں۔
خاتون کے مطابق بعد ازاں اس کی دوسری جگہ شادی ہوگئی تو ملزم نے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر اسے مبینہ طور پر بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔ متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ ملزم نے حق مہر کی رقم سمیت دیگر رقوم بھی ایزی پیسہ کے ذریعے وصول کیں۔
درخواست کے مطابق 19 اگست کو ملزم نے خاتون کو ساہیوال آر اے کے مارکی کے قریب بلایا اور گاڑی میں بٹھا کر مبینہ طور پر ایک ویران مقام پر لے گیا، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پسٹل کے زور پر دوبارہ مبینہ زیادتی کی کوشش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج سے قبل ایس ایچ او ہڑپہ اور مبینہ ملزم کے درمیان پیسوں کے لین دین کا معاملہ سامنے آنے پر ڈی پی او ساہیوال نے فوری انکوائری کا حکم دیا۔
انکوائری کے دوران ایس ایچ او ہڑپہ کے واقعے سے مبینہ تعلق کے شواہد سامنے آنے پر انہیں عہدے سے معطل کرکے مزید قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔
واقعے کی مزید انکوائری جاری ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد ملزم کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔