میرانی محلے میں 5 ماہ سے ڈرینیج پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند، گندا پانی گھروں میں داخل، مکینوں کا احتجاج
میرانی محلے میں 5 ماہ سے ڈرینیج پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند، گندا پانی گھروں میں داخل، مکینوں کا احتجاج
سکھر(بیورورپورٹ)جئے شاہ ٹاؤن کی یونین کمیٹی 6، وارڈ نمبر 4، پرانا سکھر کے علاقے میرانی محلے کے رہائشیوں نے بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی اور ڈرینیج کے سنگین مسائل کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں علاقہ معززین نیک محمد میرانی، نور محمد میرانی، غلام فرید میرانی سمیت بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی اور میونسپل انتظامیہ و متعلقہ ٹھیکیدار کی مبینہ عدم توجہی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ میرانی محلہ نمائش گراؤنڈ کا ڈرینیج پمپنگ اسٹیشن گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل مسائل کا شکار ہے اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث اس کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ سے پمپنگ اسٹیشن کی بجلی منقطع ہے، جس کے باعث نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور گندا و بدبودار پانی گھروں اور گلیوں میں جمع ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ڈرینیج پمپنگ اسٹیشن پر بھاری جنریٹر اور بیکو مشین سمیت دیگر ضروری سہولیات موجود نہ ہونے کے باعث نکاسی آب کا نظام مؤثر طریقے سے نہیں چل پا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کاغذی کارروائیوں میں ڈرینیج نظام، باؤنڈری وال اور کنوؤں سمیت مختلف منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے دعوے کیے گئے، تاہم زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے اور منصوبوں کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے۔علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ڈرینیج پمپنگ اسٹیشن کو ایک ناکارہ بیکو مشین کے ذریعے چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم یہ طریقہ کار نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہا ہے۔ گندا پانی گلیوں اور گھروں کے اطراف جمع رہنے سے تعفن پھیل رہا ہے جبکہ علاقہ مکینوں کو بیماریوں کے خدشات بھی لاحق ہیں۔مظاہرین نے مزید کہا کہ میرانی محلے میں پینے کے پانی کی قلت بھی معمول بن چکی ہے اور ایک طرف نکاسی آب کا نظام تباہ حال ہے تو دوسری جانب صاف پانی کی فراہمی بھی تسلی بخش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد مرتبہ متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کرانے کے باوجود مسائل کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔احتجاجی مظاہرین نے میرانی محلے میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی شکایات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ متعلقہ ٹھیکیدار نسیم شاہ کی جانب سے ناقص کام کیا جا رہا ہے جبکہ کئی ماہ سے ترقیاتی کام بھی بند پڑے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعلقہ ٹھیکیدار اور اداروں کے افسران مبینہ طور پر منتخب نمائندوں کی ہدایات پر بھی عملدرآمد نہیں کر رہے، جس کے باعث علاقے کے عوام طویل عرصے سے بنیادی مسائل کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرانی محلے کے عوام نے ہر دور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کیا، تاہم اس کے باوجود علاقے میں نکاسی آب، پینے کے پانی اور ترقیاتی کاموں جیسے بنیادی مسائل جوں کے توں موجود ہیں۔مظاہرین نے اعلیٰ حکام، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ میرانی محلہ ڈرینیج پمپنگ اسٹیشن کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے، نکاسی آب کا نظام فعال کیا جائے، علاقے سے جمع گندا پانی نکالا جائے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد مکمل کرایا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی اور بنیادی مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور حکام پر عائد ہوگی۔