سکھر ( نمائندزیدی ) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے ٹریفک کی روانی، شہریوں کی سہولت اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ضابطہ فوجداری
سکھر ( نمائندزیدی ) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے ٹریفک کی روانی، شہریوں کی سہولت اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت سکھر شہر کی حدود میں ریت اور ملبہ لانے والی ٹرالیوں، ٹرکوں اور دیگر موٹر گاڑیوں کی دن کے اوقات میں نقل و حرکت پر 90 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اگست 2026ء سے 24 نومبر 2026ء تک صبح 6:00 بجے سے رات 10:00 بجے کے دوران سکھر شہر کی حدود میں ریت، ملبہ اور اس نوعیت کا دیگر سامان لے جانے والی ٹرالیوں، ٹرکوں اور موٹر گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام شہر کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کم کرنے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔
متعلقہ پولیس اسٹیشنز کے اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (SHOs) کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق شکایات درج کرنے اور ضروری قانونی کارروائی عمل میں لانے کا اختیار دیا گیا ہے۔
کمشنر سکھر ڈویژن نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کو پابندی پر مؤثر اور بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔