سکھر: پیپلز پارٹی کے سینئر جیالے زاہد حسین قریشی کا اپنی پارٹی سے ہی شکوہ، قریشی گوٹھ شاہراہ شہید بے نظیر بھٹو بنیادی سہولیات سے محروم
سکھر (بیورو رپورٹ): پاکستان پیپلز پارٹی کے سنئیر اور نظریاتی رہنما زاہد حسین قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا خاندان نسل در نسل پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ ہے اور ہمیشہ عوامی خدمت جذبے کے تحت پارٹی کا ساتھ دیتے آئے ہیں، تاہم ہمیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قریشی گوٹھ سکھر کا ایک بڑا اور قدیمی علاقہ ہے، مگر افسوس کے ساتھ یہاں آج بھی بنیادی شہری سہولیات کا فقدان ہے۔ علاقے کے مکین رات کی تاریکی میں ڈوبا ہوا، نکاسیٔ آب، پینے کے صاف پانی، سیوریج، اسپتال، پلے گراؤنڈ، پارک اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
زاہد حسین قریشی نے کہا کہ قریشی گوٹھ جو ایک رہائشی ایریا ہے اس کے بڑے حصے کو انڈسٹریل ایریا قرار دے کر بھی علاقے کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے، جس کے باعث ترقیاتی منصوبے متاثر ہوئے اور شہری سہولیات کی فراہمی بھی محدود ہو گئی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بلوچستان اور سندھ میں آبپاشی کے لیے پانی کی قلت کے مسئلے کو دیرینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین فیصلہ کرے گی۔