10

سکھر: سول ڈیفنس کے زیرِ اہتمام “پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ زندہ آباد” ریلی، ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار

سکھر: سول ڈیفنس کے زیرِ اہتمام “پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ زندہ آباد” ریلی، ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار

سکھر(بیورورپورٹ)سول ڈیفنس سکھر کے زیرِ اہتمام “پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ زندہ آباد” کے عنوان سے ایک پُرجوش ریلی نکالی گئی، جس میں سول ڈیفنس کے عہدیداران، وارڈنز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ آباد اور افواجِ پاکستان زندہ آباد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکھر کی عوام وطنِ عزیز پاکستان اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ پاکستان ہمارے اکابرین اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، جس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم جس آزادی، امن اور سکون کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے، اس میں افواجِ پاکستان کے شہداء اور سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں شامل ہیں، جنہیں پوری قوم ہمیشہ احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کا احترام، ملکی یکجہتی اور باہمی اتحاد ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے۔ اختلافِ رائے جمہوری معاشروں کا حسن ہے، تاہم قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق معاملات میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لیے متحد ہو کر اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ڈاکٹر سعید اعوان نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف شب و روز ایمانی جذبے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔اس موقع پر گروپ وارڈن محمد احمد شیخ، پوسٹ وارڈن حاجی ریاض کھوکھر، شیخ عدنان، محمود احمد، انچارج آفیسرز محمد آصف شیخ، لالا عمران میرانی، لالا ریحان پٹھان، محمد یاسین قمر، ریاض احمد صدیقی، محمد یوسف، فیاض احمد، شہاب حسین، عادل اشرف سمیت دیگر سول ڈیفنس وارڈنز اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے قومی جذبے کے اظہار اور ملکی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں