10

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)
ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا، ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے پرچم کشائی کی ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ڈی سی آفس سے نواب شاہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ استحصالِ کشمیر قومی جذبے اور کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ شہید بینظیرآباد کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی نے قومی پرچم لہرایا شرکاء نے صبح 9 بجے کشمیری شہداء اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی کی قیادت میں ڈی سی آفس سے نواب شاہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن، اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو،میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قمر الدین کیریو، مختیارکار اکرم علی کے علاؤہ تعلیم، صحت، لوکل گورنمنٹ، پاپولیشن، سوشل ویلفیئر، ٹریژری، زکوات اور دیگر محکموں کے افسران، ملازمین، اسکولوں کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اقدام کی مذمت کی گئی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی اور میئر قاضی محمد رشید بھٹی نے کہا کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور پاکستان ہر سطح پر ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا انہوں نے مزید کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ دوسری جانب ضلع کی تمام تحصیلوں میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے تقریبات منعقد کی گئیں، جہاں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور ان کی آزادی و خودمختاری کے لیے دعائیں کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں