عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی
5 اگست، یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع عمرکوٹ میں بھی کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پروقار تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ قومی پرچم کو سلامی دی گئی، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے عمرکوٹ کی فضا گونج اٹھی۔ مزید تفصیل جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
تفصیلات کے مطابق
عمرکوٹ میں 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نوید الرحمان لاڑک، اسسٹنٹ کمشنر رجب علی سٹھیو اور دیگر افسران نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر دیا۔
اس کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس سے یومِ استحصالِ کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نوید الرحمان لاڑک، رسول بخش رحیمدانی اور فقیر محمد بخش خاصخیلی نے کی۔ ریلی میں افسران، طلبہ، اساتذہ، صحافیوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ریلی پریس کلب عمرکوٹ پہنچ کر اجتماع میں تبدیل ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر نوید الرحمان لاڑک نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35A ختم کر کے کشمیریوں کے حقوق سلب کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
رسول بخش رحیمدانی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج ہماری قوت ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی
آخر میں مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے لیے دعا کی گئی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
عمرکوٹ سے اٹھنے والی یہ آواز کشمیر تک یکجہتی کا پیغام ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔