قائدآباد (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے تحصیل قائدآباد کے موضع وڑچھہ، کوڑھی والا اور واہن سمیت ہل ٹورنٹ سے متاثرہ علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور حالیہ بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے (ہل ٹورنٹ) سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قائدآباد حسیب الرحمن گل، ایکسیئن ایریگیشن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 علی حسین اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ علاقوں کا موقع پر معائنہ کیا، ہل ٹورنٹ سے آنے والے بارشی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مقامی شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قائدآباد اور ایکسیئن ایریگیشن نے ڈپٹی کمشنر کو ہل ٹورنٹ کی موجودہ صورتحال، حفاظتی اقدامات اور نکاسی آب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول احمدال کا بھی دورہ کیا، جہاں ہل ٹورنٹ کے باعث جمع ہونے والے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکول سمیت تمام متاثرہ علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات بلا تاخیر مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں، نکاسی آب کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل قائدآباد بالخصوص وڑچھہ اور دیگر متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
10









