سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور ضلع کی شاہراہوں پر سرپرائز ‘جنرل ہولڈ اپ’ لگایا گیا ہے۔ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم خود فیلڈ میں موجود ہیں۔ ڈی پی او نے شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر لگائے گئے ناکہ بندی پوائنٹس کا سرپرائز وزٹ کیا تعینات پولیس افسران کو الرٹ رہ کر ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ جنرل ہولڈ اپ کے دوران ایس پی انوسٹی گیشن عمران عباس چدھڑ سمیت ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بھی اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ میں متحرک ہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او نے افسران کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام ناکہ جات پر مشکوک اشخاص، بغیر نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں اور مشکوک موٹر سائیکلوں کی سخت چیکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جنرل ہولڈ اپ کا بنیادی مقصد جرائم کا انسداد، اشتہاری مجرمان اور قانون شکن عناصر کی سرکوبی کرنا ہے تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کا ماحول برقرار رہے اور شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔