خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)سی پی آئی کی جانب سے خواتین کو حکومتی مفت سہولیات اور
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)سی پی آئی کی جانب سے خواتین کو حکومتی مفت سہولیات اور سماجی تحفظ کے پروگراموں سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہی کی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔
سی پی آئی نے ڈی ڈی ساؤتھ ایشیاء کے تعاون سے منعقدہ آگاہی ورکشاپ میں خواتین شرکاء کو حکومتِ پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت سہولیات و خدمات، سماجی تحفظ کے پروگراموں اور متعلقہ سرکاری اداروں تک رسائی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔یہ ورکشاپ خوشاب شہر میں منعقد کی گئی۔
ورکشاپ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈپٹی ڈائریکٹر کوثر پروین اور تحصیل خوشاب انچارج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام طاہر خان نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ انہوں نے خواتین کو بی آئی ایس پی میں شمولیت، رجسٹریشن اور پروگرام سے متعلق دیگر سہولیات کے حصول کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
آگاہی ورکشاپ میں سماجی شخصیات، کمیونٹی نمائندگان اور عام گھریلو خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس میں خواتین نے مختلف سرکاری سہولیات، مراعات اور خدمات کے حصول سے متعلق سوالات کیے اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے گوہر جمال اور سماجی کارکن نور جمال نے پاکستان بیت المال، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے خواتین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات، مراعات اور صنفی بنیادوں پر دستیاب خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیاسی و سماجی کارکن تطہیر صابرہ نے خواتین کو متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطہ کرنے، اپنی شکایات درج کرانے اور دستیاب سرکاری سہولیات سے بھرپور استفادہ کرنے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ معلومات کی کمی اور سرکاری اداروں تک مؤثر رسائی نہ ہونے کے باعث بڑی تعداد میں عام شہری، بالخصوص خواتین، اپنے جائز حقوق اور دستیاب سہولیات سے محروم رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی آگاہی ورکشاپس عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہیں اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔