8

نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے) اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ (اے ڈی ایل جی)

نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے)
اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ (اے ڈی ایل جی) تحصیل نورپورتھل حمزہ علی بوسال نے کہا ہے کہ تحصیل نورپورتھل کے عوام نہایت مہذب، بااخلاق اور تعاون کرنے والے ہیں۔ ان شاء اللہ اپنی تعیناتی کے دوران عوامی مسائل کے حل اور بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صدر نورپورتھل پریس کلب سیٹھ ثمر سلطان کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے تعارفی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو اپنی ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ان کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ دیانتداری، شفافیت اور میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنائیں گے۔
حمزہ علی بوسال نے بتایا کہ نورپورتھل میں یہ ان کی پہلی تعیناتی ہے اور وہ علاقے کے مسائل، عوامی ضروریات اور بلدیاتی امور سے مکمل آگاہی حاصل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے مختلف یونین کونسلوں کے دفاتر کا دورہ کیا ہے اور وہاں موجود عملے کو عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے، دفتری امور میں شفافیت برقرار رکھنے اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت کا نظام عوام اور اداروں کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا ذریعہ ہے، لہٰذا تمام متعلقہ عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان نے اے ڈی ایل جی حمزہ علی بوسال کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مثبت اور تعمیری صحافت کے ذریعے عوامی مسائل کی نشاندہی اور فلاحی اقدامات کو اجاگر کرنے میں بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں باہمی تعاون اور عوامی خدمت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں