18

نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر مردان قاسم علی خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ مردان( گوہر شاہ )

نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر مردان قاسم علی خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
مردان( گوہر شاہ )
آر پی او مردان قاسم علی خان کا ریجنل پولیس آفس مردان آمد پر مردان ریجن کے سینئر پولیس افسران نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
آر پی او مردان نے ریجنل پولیس آفس کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسران و اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی کارکردگی، فرائض اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ لی۔
انہوں نے کہا کہ مردان ریجن میں امن و امان کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں اور شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیسنگ کے نظام کو وقت کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، عوامی اعتماد کو مزید مستحکم بنانے اور پولیس فورس کی استعدادِ کار بڑھانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
آر پی او مردان نے مزید کہا کہ عوام دوست پولیسنگ، میرٹ، شفافیت، قانون کی بالادستی اور فورس کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس ایک منظم ادارہ ہے اور اس کی کامیابی ٹیم ورک، دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے سے مشروط ہے۔ مردان ریجن میں جرائم کے خاتمے، منشیات فروشوں، سماج دشمن عناصر اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں