20

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے ) پنجاب میں فیملی تھیٹر کے فروغ کیلئے پنجاب تھیٹر آرٹسٹ ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی پہلی

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے ) پنجاب میں فیملی تھیٹر کے فروغ کیلئے پنجاب تھیٹر آرٹسٹ ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی پہلی باضابطہ میٹنگ لارنس باغ لاہور میں منعقد کی گئ۔ معروف قلمکار عدیل عباس عادل کے مطابق اس میٹنگ میں تھیٹر سے وابستہ فنکاروں، لکھاریوں، ہدایت کاروں، ٹرینرز اور تھیٹر ایکٹیوسٹس نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں فیملی تھیٹر کی بحالی، کالجز اور یونیورسٹی سطح پر ڈراما سوسائٹیز کو فعال بنانے، نوجوان تھیٹر آرٹسٹس کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور تھیٹر کے فن و فنکار کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے کمرشل تھیٹر کے نام پر فحش اور غیر اخلاقی رجحانات کی روک تھام کو ایسوسی ایشن کے بنیادی منشور کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا اور پنجاب تھیٹر آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے قیام کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
فنکاروں کا کہنا تھا کہ تھیٹر فنون لطیفہ خصوصاً ٹی وی ڈراما اور فلم انڈسٹری کیلئے نرسری کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے پنجاب حکومت کو فیملی تھیٹر کی بحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھیٹر کے شعبے میں پڑھے لکھے اور پیشہ ور افراد کو آگے لایا جائے جبکہ فنکاروں کو معاشی اور معاشرتی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے حکومتی سرپرستی فراہم کی جائے تاکہ پاکستان کی آرٹ انڈسٹری بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی کر سکے۔
اجلاس میں نوجوان لکھاری و ریڈیو، فلم اور تھیٹر آرٹسٹ علی عثمان باجوہ، ڈراما نگار تنویر ملک، لکھاری و ہدایت کار عدیل عباس عادل، ڈراما نگار و ہدایت کار فاروق پاشا، تھیٹر ٹرینر و سٹوری ٹیلر وقاص منظور، تھیٹر آرٹسٹ و ایکٹیوسٹ حسنین قصوری، پینٹر و تھیٹر آرٹسٹ امراؤ، فلم و ٹی وی آرٹسٹ موسی ا خان اور نوجوان تھیٹر آرٹسٹ و سٹوڈنٹ ایکٹیوسٹ عمر سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں