*میلسی میں غیر معیاری پھٹہ رکشوں کی وجہ سے حادثات میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار*
میلسی(محمدمختارسولگی) میلسی تحصیل میں بغیر لائیٹوں اشاروں اور بریکوں کے چلنے والے موٹر سائیکل پھٹہ رکشوں کی بھرمار نے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث یہ غیر قانونی گاڑیاں تحصیل کی چھوٹی بڑی سڑکوں پر بے خوف و خطر دوڑ رہی ہیں
رپورٹ کے مطابق 80 فیصد سے زائد ڈرائیورز ٹریفک قوانین اور ڈرائیونگ کے بنیادی اصولوں سے ناواقف ہیں۔ اچانک سڑک پر آ جانا، بغیر اشارہ دیے مڑ جانا، مقررہ وزن سے کئی گنا زیادہ لوڈ لاد کر تیز رفتاری سے گاڑی چلانا اور غیر معیاری بریک سسٹم کے باعث بروقت گاڑی نہ روک پانا معمول بن گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر شہری زخمی ہو رہے ہیں اور کئی افراد معذوری یا موت کا شکار ہو چکے ہیں
شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل پولیس کی روزانہ چیکنگ کے باعث حادثات میں نمایاں کمی آئی تھی، لیکن اب اداروں کی غفلت کے سبب دوبارہ صورتحال بگڑ گئی ہے
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پھٹہ رکشوں کو سڑک پر چلانے سے قبل لائٹس، اشارے اور معیاری بریک سسٹم لگانا لازمی قرار دیا جائے، ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کی تربیت دی جائے، اور حکومت کے زیرِ انتظام ڈرائیونگ اسکولوں میں ان کی تربیت کا اہتمام کیا جائے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔