10

ساہیوال (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال کی جانب سے انرولمنٹ مہم کے مقررہ اہداف بروقت، مؤثر اور کامیابی کے ساتھ

ساہیوال (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال کی جانب سے انرولمنٹ مہم کے مقررہ اہداف بروقت، مؤثر اور کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں غیرمعمولی کارکردگی، انتھک محنت، احساسِ ذمہ داری اور تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران کو باقاعدہ تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
اس موقع پر تعلیمی حکام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اُن افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے جنہوں نے انرولمنٹ مہم کو کامیاب بنانے میں مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کا مقصد دیگر افسران اور اساتذہ میں بھی پیشہ ورانہ لگن، احساسِ ذمہ داری اور بہتر کارکردگی کے جذبے کو فروغ دینا ہے تاکہ تعلیمی اہداف مزید مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔
تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں تصور حسین ثاقب (اے ای او مرکز کسووال بی، فیمیل، تحصیل چیچہ وطنی)، محمد راشد (اے ای او مرکز غازی آباد، فیمیل، تحصیل چیچہ وطنی)، مظہر مجید (اے ای او مرکز ہڑپہ اے، تحصیل ساہیوال)، آمنہ قندیل (اے ای او مرکز نور شاہ بی، فیمیل، تحصیل ساہیوال) اور رقیہٰ ذاکر (اے ای او مرکز قطب شہانہ، تحصیل ساہیوال) شامل ہیں۔
تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے افسران اور اساتذہ میں مزید جذبہ، محنت اور تعلیمی بہتری کے لیے مثبت مسابقت کو فروغ ملے گا، جس کے نتیجے میں شرحِ خواندگی میں اضافہ اور تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں