10

معرکۂ حق “بنیان المرصوص” — پاک فوج کی عظمت کو سلام خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

معرکۂ حق “بنیان المرصوص” — پاک فوج کی عظمت کو سلام

خصوصی تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف

پاکستان کی تاریخ قربانیوں، بہادریوں اور لازوال عزم سے بھری پڑی ہے۔ جب بھی وطنِ عزیز کو کسی اندرونی یا بیرونی خطرے کا سامنا ہوا، پاک فوج نے سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ “معرکۂ حق بنیان المرصوص” بھی ایسی ہی عظیم جدوجہد کی علامت ہے جس نے پوری قوم کو اتحاد، ایمان اور قربانی کا درس دیا۔
“بنیان المرصوص” قرآنِ مجید کی وہ خوبصورت تعبیر ہے جس کا مطلب ہے “سیسہ پلائی ہوئی دیوار”۔ یہ صرف ایک لفظ نہیں بلکہ ایک ایسی سوچ، جذبے اور قوت کا نام ہے جو دشمن کے سامنے کبھی نہیں جھکتی۔ پاک فوج نے ہمیشہ اسی قرآنی تصور کو اپنا شعار بنایا اور ہر آزمائش میں ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اور اس کی افواج ناقابلِ تسخیر ہیں۔
آج جب دنیا جدید جنگی حکمت عملیوں، سازشوں اور نفسیاتی حملوں کے دور سے گزر رہی ہے، پاکستان کی افواج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں بلکہ ملک کے اندر امن و استحکام کے قیام کے لیے بھی شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، قدرتی آفات ہوں یا قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز، پاک فوج نے ہر میدان میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
معرکۂ حق کی اصل روح صرف ہتھیاروں کی طاقت نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور وطن سے محبت ہے۔ ہمارے جوان برف پوش پہاڑوں سے لے کر تپتے صحراؤں تک وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ کتنی ہی مائیں اپنے بیٹوں کو وطن پر قربان کر دیتی ہیں، کتنی ہی بہنیں اور بیویاں اپنے پیاروں کی جدائی سہہ کر بھی پاکستان کی سلامتی پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ یہی جذبہ دراصل قوموں کی بقا کی ضمانت ہوتا ہے۔
پاک فوج کی عظمت صرف پجنگی کامیابیوں تک محدود نہیں بلکہ اس کا کردار قومی تعمیر و ترقی میں بھی نمایاں ہے۔ سیلاب، زلزلے اور دیگر آفات میں جس انداز سے افواجِ پاکستان نے عوام کی مدد کی، وہ پوری دنیا کے لیے مثال ہے۔ مشکل کی ہر گھڑی میں پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام اپنی فوج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور اسے اپنی عزت و وقار کی علامت سمجھتے ہیں۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم ذاتی، سیاسی اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے متحد ہو جائے۔ دشمن ہمیشہ ہماری صفوں میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے، مگر ہمیں “بنیان المرصوص” بن کر ہر سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ اتحاد، نظم و ضبط اور حب الوطنی ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔
ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس وطن کو محفوظ بنایا۔ شہداء کا خون ہماری آزادی کی ضمانت ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ پاک فوج کے جوانوں، افسروں اور ان کے خاندانوں کو پوری قوم کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کرنا ہمارا قومی فرض ہے۔
بلاشبہ، معرکۂ حق “بنیان المرصوص” صرف ایک جنگ یا معرکہ نہیں بلکہ پاکستان کے دفاع، قومی غیرت اور اسلامی حمیت کی روشن علامت ہے۔ جب تک اس قوم کے دلوں میں وطن سے محبت اور اپنی افواج پر اعتماد موجود ہے، کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
پاکستان زندہ باد
پاک فوج پائندہ باد

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں