3

نورپور تھل (راجہ نورالٰہی عاطف سے) تحصیل نورپور تھل میں نئی تعینات ہونے والی اسسٹنٹ کمشنر شازیہ

نورپور تھل (راجہ نورالٰہی عاطف سے) تحصیل نورپور تھل میں نئی تعینات ہونے والی اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمان نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال کر فرائض کی انجام دہی شروع کر دی ہے۔ ان کی تعیناتی کے بعد تحصیل انتظامیہ میں ایک نئی انتظامی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل خدمات انجام دینے والے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کا تبادلہ کبیر والا کر دیا گیا ہے۔
چارج سنبھالنے کے فوراً بعد اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمان نے تحصیل کے ریونیو افسران، اہلکاروں اور دیگر متعلقہ عملے کے ساتھ تعارفی و انتظامی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ریونیو امور، عوامی خدمات، حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد، دفاتر کی کارکردگی اور عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شازیہ رحمان نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت، میرٹ اور خوش اخلاقی کے ساتھ مسائل کا بروقت حل ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور ٹیم ورک کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ شہریوں کو بہترین سرکاری سہولیات میسر آ سکیں۔
اجلاس میں ریونیو سٹاف نے نئی اسسٹنٹ کمشنر کو تحصیل کے انتظامی و ریونیو معاملات سے متعلق بریفنگ بھی دی، جبکہ اہلکاروں نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ شہری و سماجی حلقوں نے شازیہ رحمان کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں نورپور تھل میں عوامی مسائل کے حل اور انتظامی امور میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں