محنت کش طبقہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔محب اللہ خان
ہمیں ایسی پالیسیاں اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جو نہ صرف مزدوروں کے مسائل کو کم کریں بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں۔ سابق صوبائی وزیر لائیو اسٹاک خیبرپختونخوا
سوات(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سابق صوبائی وزیر محب اللہ خان نے یومِ مزدور (یکم مئی) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محنت کش طبقہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور ان کی محنت کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم مئی ہمیں ان مزدوروں کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے سخت مشکلات کا سامنا کیا۔ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے محنت کشوں کو ان کا جائز مقام دلانے کے لیے آواز بلند کریں۔محب اللہ خان نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ مزدوروں کو بہتر اجرت، محفوظ کام کا ماحول، صحت کی سہولیات اور بنیادی حقوق کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تاکہ وہ باعزت اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسی پالیسیاں اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جو نہ صرف مزدوروں کے مسائل کو کم کریں بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں۔آخر میں انہوں نے تمام محنت کش بھائیوں کو یومِ مزدور کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے مزدوروں کی خدمات، قربانیوں اور محنت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔









