محسنِ اساتذہ ایم اللہ دتہ جاوید کے اعزاز میں یادگار تقریب
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
ضلع خوشاب کے مایہ ناز ماہرِ تعلیم اور اساتذہ کے محسن، ایم اللہ دتہ جاوید کے اعزاز میں ایک نہایت پروقار اور یادگار تقریبِ پذیرائی کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول فاروق آباد نورپورتھل کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب نہ صرف ایک معزز استاد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ اساتذہ کے وقار اور ان کے کردار کو اجاگر کرنے کی ایک خوبصورت مثال بھی ثابت ہوئی۔
تقریب میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران اور معزز شخصیات نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی جن میں ایکس سی ای او ایجوکیشن خوشاب ملک فضل الہی فضل، ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک، ڈپٹی ڈی ای او تحصیل نورپور تھل ظہیر عباس بھٹی، نیشنل بینک آف پاکستان کے سینیئر آفیسر محمد ابوبکر ملک اور سابق ڈپٹی ڈی ای او ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو شامل تھے۔ تقریب کی صدارت ادارہ ہذا کے سینیئر ہیڈ ماسٹر ملک امتیاز حسین بوڑانہ نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ملک محمد رمضان پہوڑ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
اس موقع پر علمی و تدریسی حلقوں سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات بھی شریک ہوئیں، جن میں پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج نورپورتھل پروفیسر عبدالغفور ملک، پروفیسر ظہیر عباس، سینیئر ہیڈ ماسٹر ملک اللہ رکھا، سینیئر ہیڈ ماسٹر شیخ حافظ محمد عبدالروف، ہیڈ ماسٹر ملک حاجی اختر حسین کلو، سابق ای او ملک حاجی محمد نواز جسرا، سابق ای او ملک سلطان احمد کلو، سابق ای او چوہدری عبداللطیف، ملک شوکت علی چندرام اور دیگر اساتذہ و رہنما شامل تھے۔
تقریب کے دوران مقررین نے ایم اللہ دتہ جاوید کی محکمہ تعلیم ضلع خوشاب کے لیے گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایکس سی ای او ملک فضل الہی فضل، ڈی ای او فیض الحسن ملک، ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی، سینیئر آفیسر نیشنل بینک آف پاکستان محمد ابوبکر ملک، ملک حاجی محمد نواز جسرا، ہیڈ ماسٹر ملک حاجی اختر حسین کلو، اساتذہ رہنما راجہ محمد عامر حیات، چوہدری عبداللطیف، نگاہ حسین بھٹی اور دیگر مقررین نے کہا کہ ایم اللہ دتہ جاوید نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں نہ صرف تعلیم کے فروغ کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں بلکہ اساتذہ کے حقوق اور وقار کے لیے بھی ہمیشہ عملی کردار ادا کیا۔
ریٹائرمنٹ کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایم اللہ دتہ جاوید نے اس شاندار الوداعی تقریب کے انعقاد پر ادارے کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے رفقائے کار، افسران بالا اور اساتذہ کرام کی محبتوں، خلوص، مروت اور عزت کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے اور ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر ایم اللہ دتہ جاوید کو مختلف یادگاری تحائف پیش کیے گئے اور ان کے روشن مستقبل، صحت و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ اس سے قبل ان کی آمد پر مہمانانِ خصوصی اور شرکاء نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال کیا، جس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
یہ تقریب اساتذہ کرام کے مقام و مرتبہ اور ان کی خدمات کے اعتراف کی ایک شاندار مثال بن کر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔









