November 28, 2026

سکھر میں ایل پی جی مافیا بے لگام، سرکاری نرخ نظرانداز، شہری مہنگائی کی چکی میں پس گئے سرکاری ریٹ 310 روپے، کھلے عام 450 سے 520 روپے تک فروخت، انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان

IMG-20260412-WA0102

سکھر میں ایل پی جی مافیا بے لگام، سرکاری نرخ نظرانداز، شہری مہنگائی کی چکی میں پس گئے
سرکاری ریٹ 310 روپے، کھلے عام 450 سے 520 روپے تک فروخت، انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں ایل پی جی (Liquefied Petroleum Gas) کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایل پی جی مافیا نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ سرکاری نرخ 310 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود شہر بھر میں ایل پی جی 450 سے 520 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اور عدم کارروائی نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایل پی جی ڈیلرز اور دوکانداروں نے انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے اپنے خود ساختہ ریٹ جاری کر رکھے ہیں اور شہریوں کو مہنگی گیس خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ کوئی بھی دکاندار سرکاری نرخ پر گیس فروخت کرنے کو تیار نہیں، اور عوام مجبوری کے عالم میں مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ایل پی جی فروشوں کا کہنا ہے کہ انہیں پلانٹ مالکان مہنگے داموں گیس فراہم کرتے ہیں، اس لیے وہ مجبوراً سرکاری ریٹ پر فروخت نہیں کر سکتے۔تاہم شہری حلقوں اور معتبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اصل وجہ ناجائز منافع خوری اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی ہے، جس کے باعث صورتحال بے قابو ہو چکی ہے۔باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ انتظامیہ کی چند “کالی بھیڑیں” اس پورے معاملے میں ملوث ہیں، جو مبینہ طور پر روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصول کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض اہلکاروں کی پشت پناہی کے باعث ایل پی جی ڈیلرز کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے کہ وہ من مانی قیمت پر گیس فروخت کریں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔دوسری جانب شہری علاقوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں ایل پی جی کی کھلے عام فراہمی جاری ہے، جن میں نیوپنڈ، پٹھان کالونی اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گنجان آبادیوں میں غیر قانونی طریقے سے گیس کی فروخت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، لیکن اس کے باوجود نہ تو انتظامیہ کی جانب سے کوئی چیکنگ کی جا رہی ہے اور نہ ہی سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔شہری حلقوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سکھر کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سرکاری ریٹ مقرر ہونے کے باوجود ایل پی جی مافیا عوام کو لوٹ رہا ہے تو یہ انتظامیہ کی ناکامی اور نااہلی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی ضرورت پر قابو نہ پانا انتظامیہ کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے.مہنگی ایل پی جی کے باعث سب سے زیادہ متاثر غریب اور متوسط طبقہ ہو رہا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی، بجلی، گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے پریشان ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کے نرخ بڑھنے سے گھریلو بجٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اور غریب افراد کے چولہے ٹھنڈے پڑنے لگے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں پر فوری کنٹرول کیا جائے، ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اور ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی تحقیقات کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سندھ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر میں ایل پی جی مافیا کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، سرکاری نرخ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اور بھتہ خوری و کرپشن میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانی اور ناجائز منافع خوری کا سلسلہ نہ روکا گیا تو شہری احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیں گے۔