سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی سکھر بورڈ کے تحت SSC پارٹ I اور II سالانہ امتحانات 2026 کے اعداد و شمار جاری
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر بورڈ کے تحت SSC پارٹ I اور II سالانہ امتحانات 2026 کے اعداد و شمار جاری
مجموعی طور پر 1 لاکھ 15 ہزار 183 امیدوار امتحان میں شریک
سکھر (بیورورپورٹ)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سکھر کی جانب سے SSC پارٹ I اور SSC پارٹ II کے سالانہ امتحانات 2026 کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 1 لاکھ 15 ہزار 183 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔بورڈ حکام کے مطابق SSC پارٹ I میں امیدواروں کی مجموعی تعداد 57 ہزار 699 ریکارڈ کی گئی، جن میں 38 ہزار 99 طلبہ اور 19 ہزار 600 طالبات شامل ہیں۔ جبکہ SSC پارٹ II میں مجموعی طور پر 57 ہزار 484 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 39 ہزار 49 طلبہ اور 18 ہزار 435 طالبات شامل ہیں۔بورڈ کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے لیے مجموعی طور پر 234 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تاکہ امیدواروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور امتحانی نظام کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔
تاہم امتحانات کے دوران بے ضابطگیوں اور نقل کے واقعات بھی سامنے آئے۔رپورٹ کے مطابق امتحانات کے دوران 2 ہزار 704 نقل کے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ موبائل فون کے استعمال کے 2 ہزار 423 کیسز سامنے آئے۔بورڈ حکام نے مزید بتایا کہ امتحانات کے دوران 185 امیدواروں کے خلاف جعلسازی کے کیسز درج کیے گئے جبکہ 36 کیسز میں امیدواروں کی تبدیلی کی شکایات رپورٹ ہوئیں۔ اس کے علاوہ نقل میں ملوث 60 امیدواروں کے خلاف کاپی کیسز بھی درج کیے گئے۔بورڈ انتظامیہ کے مطابق امتحانی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں بھی کی گئیں، جن میں دریا خان مگسی میں ایک امتحانی مرکز کو منسوخ کر دیا گیا۔ اسی طرح امتحانات کی نگرانی میں غفلت پر تین ویجیلنس ٹیموں کو معطل کر دیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ مختلف امتحانی مراکز پر 10 سے 15 ڈیوٹیاں بھی منسوخ کی گئیں، جن کے حوالے سے بورڈ کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شفاف امتحانی عمل کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔بورڈ حکام نے کہا ہے کہ نقل اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے آئندہ مزید سخت مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی کا عمل جاری ہے۔