جروار میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ایران پر جنگ مسلط کرنے کے خلاف عوامی تحریک کا احتجاجی مظاہرہ
جروار میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ایران پر جنگ مسلط کرنے کے خلاف عوامی تحریک کا احتجاجی مظاہرہ
سکھر (بیورورپورٹ) تیل کی قیمتوں میں کی گئی مصنوعی اور ہوشربا اضافہ اور امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے خلاف عوامی تحریک کی جانب سے جروار شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار، ایڈووکیٹ سرواڻ جتوئی اور شریف گبول نے کی۔احتجاج میں شریک کارکنان اور شہریوں نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی سامراجی قوتوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے اس طوفان کو روکا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ حکمران جنگ کو بہانہ بنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، جس کے باعث غریب عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف قیمتوں میں اضافہ نہیں بلکہ غریب عوام کا معاشی قتل عام ہے، جس نے لوگوں کو خودکشی جیسے انتہائی اقدامات پر مجبور کر دیا ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ ملک کے حکمرانوں کو عوام کے مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں، انہیں صرف عالمی تیل کمپنیوں، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور امریکہ و اسرائیل کے مفادات کی فکر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران عالمی مالیاتی اداروں کے ایجنٹ بن چکے ہیں اور عوام کو مسلسل قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس وقت براہِ راست جنگ کے خطرات میں گھرا ہوا ہے، لیکن اس کے باوجود وہاں کی حکومت نے اپنے عوام پر تیل کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا، جبکہ پاکستان کے حکمران محض بہانے تلاش کر کے عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہیں۔احتجاجی رہنماؤں نے وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے سبسڈی کے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈی کے نام پر عوام کو صرف بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے نام نہاد دو ہزار روپے کی سبسڈی ایک مذاق کے سوا کچھ نہیں، کیونکہ مہنگائی کی لہر پہلے ہی ہزاروں روپے عوام کی جیبوں سے نکال چکی ہے۔آخر میں عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی گئی ظالمانہ اور عوام دشمن اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک کو مزید وسیع کیا جائے گا۔