میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی )میلسی کی اہم اور مصروف شاہراہ ایک بار پھر سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گئی، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن
میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی )میلسی کی اہم اور مصروف شاہراہ ایک بار پھر سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گئی، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ بابا نتھے شاہ روڈ پر سیوریج لائن کی بندش معمول بن چکی ہے، جس کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صورتحال اس قدر ابتر ہو چکی ہے کہ اسی سڑک پر واقع شہر کی مرکزی جنازہ گاہ تک رسائی بھی مشکل ہو گئی ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق جنازوں کو لے جانے کے دوران لواحقین کو گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے، جو انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک صورتحال ہے۔
ایک شہری نے اس سنگین مسئلے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جس میں انتظامیہ کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ شہری نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افسران کی مبینہ نااہلی کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود سیوریج کا پانی کھڑا رہنا معمول بن چکا ہے، مگر کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی، جس سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔