November 19, 2026

جنگ اسٹرٹیجک اہداف تک پہنچ گئی؟

Screenshot_2026-03-22_165158

جنگ اسٹرٹیجک اہداف تک پہنچ گئی؟
اب ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جوابی کارروائیاں محض روایتی فوجی حملے نہیں رہیں، بلکہ اب یہ جنگ ایک نئے اور زیادہ حساس مرحلے میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایران کی جانب سے جنوبی اسرائیل کے علاقوں، خصوصاً دیمونہ اور عراد پر میزائل حملے اس بات کا اشارہ ہیں کہ ہدف اب صرف فوجی تنصیبات نہیں بلکہ اسٹریٹجک مراکز بن چکے ہیں۔
اگرچہ ان حملوں میں براہِ راست جوہری مرکز کو نقصان پہنچنے کی تصدیق نہیں ہوئی، لیکن ان کی علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ یہ حملے اس پیغام کی عکاسی کرتے ہیں کہ ایران اب اسرائیل کی حساس ترین تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت اور ارادہ رکھتا ہے، خاص طور پر نطنز پر ہونے والے حملوں کے بعد۔
اسی دوران، توانائی کے شعبے کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حیفہ میں آئل ریفائنری پر حملہ اس بات کی علامت ہے کہ جنگ اب معاشی ڈھانچے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایران نے واضح کیا ہے کہ اگر اس کی توانائی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا تو وہ امریکہ اور اسرائیل کی توانائی اور ٹیکنالوجی کی بنیادوں کو نشانہ بنائے گا۔
دوسری جانب اسرائیل نے بھی ایران کے اندر اہم سیکورٹی اور حکومتی اہداف پر حملے شروع کر دیئے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہو رہا ہے اور ریاستی ڈھانچے تک پہنچ رہا ہے۔
اس تمام صورتحال میں سب سے اہم پیش رفت آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکی دھمکی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 48 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے آبنائے ہرمز کو کھلا نہ رکھا تو ایران کے توانائی کے مراکز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ چونکہ دنیا کے تیل اور گیس کا بڑا حصہ اس راستے سے گزرتا ہے، اس لیے اس معاملے کا عالمی معیشت پر بھی گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔
مجموعی طور پر، یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جنگ اب ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جہاں فریقین ایک دوسرے کی اسٹرٹیجک بنیادوں جیسے جوہری پروگرام، توانائی کے ذرائع، اور بحری راستے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ نہ صرف جنگ کو زیادہ خطرناک بناتا ہے بلکہ اسے ایک طویل اور پیچیدہ تنازع میں تبدیل کرنے کا امکان بھی بڑھا دیتا ہے۔ ضیاء چترالی)
ویڈیو دیمونہ پر میزائل حملے کی ہے۔