November 19, 2026

“یہ ہماری جنگ نہیں” یورپ کا ٹرمپ کو دوٹوک جواب

Screenshot_2026-03-22_165158

“یہ ہماری جنگ نہیں” یورپ کا ٹرمپ کو دوٹوک جواب!!

یورپ نے بالآخر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔ ٹرمپ چاہتے تھے کہ یورپی ممالک آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے فوجی طور پر حصہ لیں، مگر یورپ نے واضح الفاظ میں کہہ دیا: “یہ ہماری جنگ نہیں”۔ باوجود اس کے کہ یورپ اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ اس فیصلے کی قیمت بہرحال چکانا پڑ سکتی ہے۔
برسلز میں جمع ہونے والے یورپی یونین کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کی جانب سے بھڑکائے گئے اس تنازع میں شامل نہیں ہوں گے۔ اسی لیے 27 ممالک میں سے کسی نے بھی آبنائے ہرمز کو فوجی طاقت کے ذریعے کھولنے کے لیے کوئی بحری جہاز روانہ کرنے سے انکار کردیا۔
سوئس اخبار کے مطابق یورپی رہنما اب بلند آواز میں اعلان کر رہے ہیں: “یہ ہماری جنگ نہیں”۔ ان کا مؤقف ہے کہ ٹرمپ نے نہ تو ان سے مشورہ کیا اور نہ ہی ایران پر حملے سے قبل اپنے ارادوں سے آگاہ کیا۔ اسی وجہ سے وہ ایسے تصادم میں پھنسنے سے انکار کر رہے ہیں، جس کی قیمت وہ پہلے ہی چکا رہے ہیں، چاہے وہ توانائی کی بڑھتی قیمتیں ہوں یا مہاجرین کے ممکنہ سیلاب کا خوف۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ “ماضی کی غلطیوں سے بچنے” کے لیے بھی پرعزم ہیں، جو واضح طور پر عراق جنگ کی طرف اشارہ ہے۔
اس تناظر میں ایک فرانسیسی جریدے نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا یورپی یونین ایک نئے “دو ویلبان لمحے” کے دہانے پر ہے؟ یعنی وہی تاریخی موقف جب فرانس نے عراق جنگ کی مخالفت کی تھی۔ اس کے بعد “دو ویلبان لمحہ” ایک علامتی اصطلاح بن گئی۔ جو Dominique de Villepin سے منسوب ہے۔ جب کوئی ملک یا اتحاد کسی بڑی عالمی طاقت کے دباؤ کے باوجود، کسی جنگ یا متنازع پالیسی کو اصولی بنیادوں پر کھل کر مسترد کر دے تو یہ اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ یہ اصطلاح 2003 کی Iraq War سے پہلے دی گئی اُس مشہور تقریر سے نکلی، جس میں دو ویلبان نے اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی جنگی پالیسی کی مخالفت کی اور سفارت کاری کو ترجیح دینے کا مؤقف اپنایا۔ اب جبکہ یورپ خلیجی تنازع میں امریکہ کا ساتھ دینے سے انکار کرتا ہے، تو اسے “دو ویلبان لمحہ” کہا جاتا ہے، یعنی ایک جرات مند، خودمختار اور اصولی “نہیں۔ تاہم، جریدے کے مطابق ابھی یورپ اس حد تک نہیں پہنچا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو شروع کیے گئے اس تصادم کی کھل کر مذمت کرے۔
اس کے باوجود، تمام بڑے یورپی رہنماؤں نے ٹرمپ کی اس “بے تاب اپیل” کو مسترد کر دیا، جس میں انہوں نے آبنائے ہرمز جو عالمی توانائی تجارت کی ایک اہم شاہراہ ہے اور گزشتہ تین ہفتوں سے ایران کی جانب سے مفلوج ہے، کو محفوظ بنانے کے لیے مدد طلب کی تھی۔
فرانسیسی صدر نے واضح طور پر کہا: “ہم جاری بمباری اور جنگی حالات میں آبنائے کو زبردستی کھولنے کی کسی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔” اس مؤقف نے امریکہ کو ایک غیر معمولی سفارتی تنہائی میں دھکیل دیا، اگرچہ ہنگری کے وزیر اعظم نے امریکی کارروائی کی حمایت کا عندیہ دیا۔
جریدے کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے مدد کی یہ اپیل دراصل ایک غیر معمولی کمزوری کا اعتراف محسوس ہوتی ہے۔ ان کی صدارت کے پہلے سال کو جارحانہ پالیسیوں اور ایسے تنازعات نے گھیر رکھا ہے، جو اب تک حل طلب ہیں، جیسے گرین لینڈ کا معاملہ اور تجارتی کشیدگیاں۔
ایک فرانسیسی جنرل نے طنزیہ انداز میں ٹرمپ کی اپیل کو ایسے قرار دیا جیسے ٹائی ٹینک کا کپتان جہاز کے برفانی تودے سے ٹکرانے کے بعد بھی رقص کی تقریب کے ٹکٹ فروخت کرنے کی کوشش کر رہا ہو۔
حقیقت یہ ہے کہ یورپ ایران کے خلاف جنگ کی سیاسی اور اسٹرٹیجک قیمت ادا کرنے کے لیے تیار نہیں۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے بھی امریکی مہم جوئی پر کھل کر شکوک کا اظہار کیا اور کہا: “جنگ شروع کرنا محبت کی کہانی کی طرح ہوتا ہے، اس میں داخل ہونا آسان، مگر نکلنا مشکل ہوتا ہے۔ یورپ اس جنگ میں شریک نہیں۔ ہم نے اسے شروع نہیں کیا اور اس کے سیاسی مقاصد بھی واضح نہیں۔”
سب سے سخت مؤقف ہسپانوی وزیر اعظم اور یورپی ہیرو جناب پیڈرو سانچیز (Pedro Sánchez) کی جانب سے سامنے آیا، انہوں نے کہا: “یہ ایک ایسی جنگ ہے، جس کی ہم نے ابتدا ہی سے مذمت کی ہے۔ ہم اس کی حمایت نہیں کرتے، ہم اسے غیر قانونی سمجھتے ہیں اور بدقسمتی سے اس کے اثرات پہلے ہی ہم تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔”
جرمنی نے بھی واشنگٹن کے دباؤ میں آنے سے انکار کیا اور اس کے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ چند یورپی جنگی جہاز امریکہ کی طاقتور بحریہ کے مقابلے میں کیا کر سکتے ہیں۔ “یہ ہماری جنگ نہیں اور ہم نے اسے شروع نہیں کیا۔”
ٹرمپ انتظامیہ کے لیے سب سے بڑا دھچکا برطانیہ کی جانب سے آیا، جس نے یورپی یونین سے الگ ہونے کے باوجود اس جنگ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔ برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے ایک “قابلِ عمل” منصوبے پر کام کر رہے ہیں، مگر یہ بھی واضح کر دیا کہ یہ نیٹو کا مشن نہیں ہوگا۔
اس پر ٹرمپ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو “ایک بہت بڑی غلطی” کر رہا ہے اور یہ کہ امریکہ کو اب اپنے اتحادیوں کی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔ پھر انہوں نے جھلا کر یہاں تک کہا کہ “ہمیں نیٹو ممالک کی مدد نہیں چاہیے۔”
اسی دوران جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا نے بھی اس امریکی اپیل سے فاصلہ اختیار کر لیا ہے۔ جبکہ یمن کے حوثیوں کی ممکنہ مداخلت کے خطرے کے پیش نظر یورپ باب المندب کے اہم راستے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ حوثیوں نے آج اعلان کیا ہے کہ ہم مزید ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتے۔
یورپی رہنما اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ کوئی بھی اس جنگ میں شامل ہونا نہیں چاہتا اور سب اس کے انجام کے بارے میں فکر مند ہیں۔
اگرچہ ٹرمپ کی پالیسیوں کی مخالفت یورپ کے لیے اصول اور وقار کا معاملہ ہے، مگر یہ ایک خطرہ بھی ہے، کیونکہ یوکرین کے معاملے میں یورپ اب بھی امریکہ پر انحصار کرتا ہے۔ تاہم تازہ پیشرفت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ یورپ آہستہ آہستہ ایک نئی خودمختاری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ شاید “نہیں” کہنا ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف اپنا وقار بحال کر رہا ہے بلکہ بحرِ اوقیانوس کے دونوں کناروں کے درمیان طاقت کے غیر متوازن تعلق کو بھی ازسرنو ترتیب دے رہا ہے۔ (ضیاء چترالی)