نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کی جانب سے ڈیجیٹل لائف اور نفسیاتی
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کی جانب سے ڈیجیٹل لائف اور نفسیاتی بہبود کے موضوع پر پیپلز میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی تقریب کا انعقادصوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر کے ویژن اور سیکرٹری اسپورٹس و یوتھ منور علی مہیسر کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز سندھ کی جانب سے “ڈیجیٹل لائف اور نفسیاتی بہبود” کے موضوع پر ایک آگاہی تقریب پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نواب شاہ کے نیو کیمپس کے ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز رضوان علی ملاح نے موجودہ دور میں ڈیجیٹل زندگی اور ذہنی صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں آن لائن اور آف لائن زندگی کے درمیان توازن قائم رکھنا نہایت ضروری ہے اور ہمیں اپنی ذہنی صحت کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان علی ملاح نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز نوجوانوں میں ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور آگاہی کے اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ تقریب میں ماہرِ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر موتی رام، پروفیسر ڈاکٹر فہد الزین، ڈاکٹر بنسی لال، پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد اور دیگر مقررین نے ڈیجیٹل زندگی کے ذہنی صحت پر اثرات پر تفصیلی گفتگو کی اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فوائد اور ممکنہ خطرات سے آگاہ رہتے ہوئے اسے ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔پروگرام کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اور شرکت کرنے والوں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے تقریب میں یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صالح خاصخیلی، چیئرمین انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ سیف اللہ مہر، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ بلوچ اور ڈین کمیونٹی میڈیسن اینڈ الائیڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نور غضنفر سموں سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔