سکھر(بیورورپورٹ) 21 رمضان المبارک یومِ شہادت حضرت علی? علیہ السلام کے انتظامات کے سلسلے میں
سکھر(بیورورپورٹ) 21 رمضان المبارک یومِ شہادت حضرت علی? علیہ السلام کے انتظامات کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھر ون ناہید احمد میرانی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر بشریٰ منصور، چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، اہلِ تشیع سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، پولیس، رینجرز، سیپکو، سوئی گیس، ہیلتھ، پی پی ایچ آئی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھر ون ناہید احمد میرانی نے کہا کہ 20 اور 21 رمضان المبارک کے دوران سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، سنگرار اور باگڑجی سمیت مختلف علاقوں میں مجالس اور ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔ اس دوران سیکیورٹی کے حوالے سے کنٹیجنسی پلان تیار کرکے اس پر عملدرآمد کرایا جائے گا اور پولیس و رینجرز کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے سیپکو اور سوئی گیس حکام کو پابند کیا کہ 20 اور 21 رمضان کے دنوں میں لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ کنٹیجنسی پلان روٹ وائز ترتیب دیا جائے اور ایمبولینسز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ڈی ایچ او اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھر ون نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ روہڑی اور پنوعاقل میں جلوس کے روٹس پر مناسب روشنی کا انتظام کیا جائے۔ اجلاس کے دوران علمائے کرام نے مطالبہ کیا کہ مرکزی امام بارگاہ سے گھنٹہ گھر ، روہڑی اور تمام دیگر امام بارگاہوں کے روٹس کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ڈپٹی کمشنر آفس سکھر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، لہٰذا کسی بھی شکایت کی صورت میں اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں قائم کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے تاکہ بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ آخر میں ایران کے سپریم لیڈر سید علی آیت اللہ خامنائی اور سابق ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر مسرور حسین کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی۔