سکھر (بیورورپورٹ)نثار صدیقی ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 3 میں مبینہ کرپشن اسکینڈل منظرِ عام پر آ گیا ہے
سکھر (بیورورپورٹ)نثار صدیقی ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 3 میں مبینہ کرپشن اسکینڈل منظرِ عام پر آ گیا ہے، جس پر مقامی رہائشیوں اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بلدیہ اعلیٰ سکھر نے تقریباً سات سے آٹھ ماہ قبل عدیل احمد کنسٹرکشن کمپنی کو یو سی 3 کے مختلف علاقوں میں سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا ٹھیکہ دیا تھا، تاہم کمپنی نے صرف فاؤنڈیشن (بنیادی ڈھانچے) کا کام مکمل کیا اور مبینہ طور پر ایڈوانس رقم وصول کرنے کے بعد کام ادھورا چھوڑ دیا۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ آج تک سولر لائٹس نصب نہیں کی گئیں، جبکہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے سرکاری ریکارڈ میں اس منصوبے کو مکمل ظاہر کرتے ہوئے سو فیصد تکمیل کی دستاویزات تیار کر لی گئی ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، جہاں صرف کھمبوں کی بنیادیں موجود ہیں اور لائٹس نصب نہیں کی گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ محض ایک یونین کمیٹی تک محدود نہیں بلکہ بلدیاتی نظام میں شفافیت کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔یونین کمیٹی نمبر 3 کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس حوالے سے متعدد بار میئر سکھر ارسلان شیخ اور متعلقہ یو سی چیئرمین کو آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال کوئی مؤثر عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں کے مطابق رات کے وقت اسٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی کے باعث اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات اور عدم تحفظ کا سامنا ہے۔مزید برآں، یو سی آباد لاکھا میں بھی یہی صورتحال بتائی جاتی ہے، جہاں فاؤنڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد ٹھیکیدار مبینہ طور پر غائب ہو گیا اور لائٹس نصب نہیں کی گئیں۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایک خودمختار انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے، ذمہ داران کا تعین کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور سولر اسٹریٹ لائٹس کا کام فوری طور پر مکمل کرایا جائے تاکہ قومی خزانے کو ہونے والے ممکنہ نقصان کا ازالہ کیا جا سکے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔