November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)حکومتِ سندھ نے 19ویں سندھ گیمز 16 سے 19 اپریل تک سکھر میں منعقد کرانے کا

IMG-20260304-WA0117

سکھر(بیورورپورٹ)حکومتِ سندھ نے 19ویں سندھ گیمز 16 سے 19 اپریل تک سکھر میں منعقد کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہيسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، چیف انجینئر اسلم مہر، سیکشن آفیسر علی ڈنو گوپانگ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران احمد علی راجپوت اور اصغر بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سکھر میں سندھ گیمز کے انعقاد اور تھر جیپ ریلی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہيسر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 19ویں سندھ گیمز میں 40 سے زائد کھیلوں کو شامل کیا جائے گا، جن میں صوبے بھر سے مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں نوجوان ٹیلنٹ کو ابھارنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جامع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ عید کے فوراً بعد ڈویژنل سطح پر سندھ گیمز کے ٹرائلز 24 سے 29 مارچ تک منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ٹرائلز کی تکمیل کے بعد منتخب کھلاڑیوں کے لیے 11 سے 15 اپریل تک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ وہ مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ گیمز کی افتتاحی تقریب 16 اپریل کو جبکہ اختتامی تقریب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔ وزیر کھیل نے ہدایت کی کہ تمام مقابلے مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کرائے جائیں تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو یکساں اور منصفانہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔سردار محمد بخش مہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ سندھ قومی کھیلوں کی طرز پر 19ویں سندھ گیمز کو بھی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور سکھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا بلکہ سکھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت ملے گی۔