سکھر میں بجلی چوروں کے خلاف سیپکو کا کریک ڈاؤن
سکھر میں بجلی چوروں کے خلاف سیپکو کا کریک ڈاؤن
سینکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع، ہزاروں میٹر تاریں قبضے میں لے کر نذرِ آتش
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے چیف انجینئر اعجاز احمد چنہ کی ہدایات پر سیپکو سب ڈویژن بندر روڈ میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ایکسین سیپکو سکھر تاج محمد ماکو کی نگرانی اور سب ڈویژن بندر روڈ کے ایس ڈی او نثار احمد شیخ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ آپریشن میں چیئرمین عبد المالک سومرو، فرحان ماکھو، مقصود بھٹی، برکت علی مہر، اعجاز بھٹی، مہتاب چنہ سمیت دیگر عملہ بھی شریک تھا۔سیپکو ٹیم نے ملٹری روڈ، آدم شاہ کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران: سینکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع کیے گئے۔نادہندگان کو بقایاجات کی فوری ادائیگی کی ہدایات جاری کی گئیں بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہزاروں میٹر غیر قانونی تاریں قبضے میں لے کر نذرِ آتش کی گئیں حکام کے مطابق یہ کارروائی بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد لائن لاسز میں کمی اور واجبات کی وصولی کو یقینی بنانا ہے۔ سب ڈویژن بندر روڈ کے چیئرمین عبد المالک سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو چیف کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بقایاجات کی وصولی تک آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوری جیسے غیر قانونی عمل سے گریز کریں اور اپنے واجبات بروقت ادا کریں تاکہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔