بھکر(راجہ نورالہی عاطف سے) ضلعی امن کمیٹی بھکر کا اجلاس ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی کی
بھکر(راجہ نورالہی عاطف سے) ضلعی امن کمیٹی بھکر کا اجلاس ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی کی صدارت میں کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ ملکی سلامتی اور ضلع کے پائیدار امن کے لیے باہمی اتحاد کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔بیرونی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے تاکہ وطنِ عزیز کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان اور اے ڈی سی جی ڈاکٹر ارشد وٹو بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ممبرانِ ضلعی امن کمیٹی رانا آفتاب احمد خاں، سید قیصرعباس نقوی، مولانا قلب محمد علی شہانی، صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف خاں،قاری عبدالشکور،زبیر محمود مغل، سید کریم حیدر شاہ، محمد اسلم مغل، شیخ محمد ایوب، ملک عاشق حسین کھوکھر، ملک نزیر کھیمٹہ، صفدر حسین عاصم، امیر اقبال کہاوڑ، محمد عبد الرحیم رضوی، صاحبزادہ عبد العلیم، حاجی محمد محبوب، سید ممتاز حسین شاہ، مولانا ذکا اللہ خالد، محمد شریف، چوہدری یامین، محمد موسیٰ طاہر، صاحبزادہ منصور سلطان اور قاری اشرف نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ قومی مفاد اور باہمی اتحاد کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور مشائخ اپنا انفرادی کردار حسبِ سابق ادا کرتے رہیں اور ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں۔ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں قیامِ امن کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ پولیس کے جوان پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ تمام مذہبی عبادت گاہوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی اور ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے یومِ علیؓ کے حوالے سےسیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبرانِ امن کمیٹی نے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے وہ حسبِ سابق اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور بیرونی دشمن کی شرپسندی کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔مقررین کا کہنا تھا کہ ضلع کا امن انہیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے اور اس سلسلے میں تمام ذمہ داران اپنا انفرادی کردار ادا کرتے رہیں گے۔اجلاس میں ایران کے سپریم لیڈر سید علی حسین خامنہ ای کی شہادت کو امتِ مسلمہ کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا گیا اور ان کے بلندیِ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔