ہارون آباد: وائٹل دسترخوان، روزانہ ہزاروں روزہ داروں کے لیے امید کی کرن
ہارون آباد: وائٹل دسترخوان، روزانہ ہزاروں روزہ داروں کے لیے امید کی کرن
ہارون آباد (نمائندہ خصوصی) شہر میں خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت قائم “وائٹل دسترخوان” رمضان المبارک میں مستحق اور روزہ دار افراد کے لیے بڑی سہولت بن گیا ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد باعزت انداز میں روزہ افطار کر رہے ہیں۔ شہر اور مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مزدور پیشہ افراد، مسافر اور طلبہ بڑی تعداد میں یہاں پہنچتے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق یہ دسترخوان مکمل طور پر وائٹل گروپ آف کمپنیز کی جانب سے اپنے وسائل سے جاری رکھا گیا ہے۔ سرپرستِ اعلیٰ وائٹل گروپ آف کمپنیز، حاجی سعید خود دسترخوان کی نگرانی کرتے ہیں اور روزانہ انتظامات کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ افطاری کا معیار اور نظم و ضبط برقرار رہے۔ ان کی ذاتی دلچسپی اور نگرانی کی وجہ سے دسترخوان پر صفائی، بہترین انتظام اور باوقار ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔
دسترخوان پر کھجور، فروٹ چاٹ، پکوڑے، سموسے، شربت اور دیگر معیاری اشیائے خوردونوش فراہم کی جاتی ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی روزہ دار افطار کے وقت محروم نہ رہے اور سب کو عزت کے ساتھ افطاری میسر آئے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے وائٹل گروپ آف کمپنیز اور خصوصاً حاجی سعید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات معاشرے میں اخوت، ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں اور حقیقی معنوں میں خدمتِ انسانیت کی مثال قائم کرتے ہیں۔