سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز عالمی یومِ سول ڈیفنس: قرآنِ پاک کی تقسیم، موجودہ
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز
عالمی یومِ سول ڈیفنس: قرآنِ پاک کی تقسیم، موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں سول ڈیفنس کا ہنگامی حالات میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعلان
روہڑی/سکھر: عالمی یومِ سول ڈیفنس کے موقع پر سول ڈیفنس آرگنائزیشن روہڑی کی جانب سے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں موٹر وے پولیس ایم فائیو اور ریسکیو 1122 سکھر نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر موٹر وے ایم فائیو پر سفر کرنے والے مسافروں میں قرآنِ پاک کا تحفہ تقسیم کیا گیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی جانب سے فرسٹ ایڈ، ریسکیو اور فائر سیفٹی آلات کی نمائش اور آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا جبار خان، سینئر پوسٹ وارڈن سول ڈیفنس آرگنائزیشن روہڑی نے کہا کہ قرآنِ پاک ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو لاکھوں مسلمانوں کو دینِ کامل کی طرف مائل کرتا ہے اور مشکل حالات میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر سول ڈیفنس کے رضاکار ہر طرح کی ہنگامی صورتِ حال میں پاک افواج کے شانہ بشانہ ملک و شہریوں کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس روہڑی کے کارکنوں نے گزشتہ کئی دہائیوں سے ہر سانحے اور ایمرجنسی میں بے لوث خدمات انجام دی ہیں۔ ڈی ايس پی موٹر وے ایم فائیو روہڑی مسرور علی نے کہا کہ سول ڈیفنس روہڑی کی جانب سے مقدس ماہِ رمضان میں قرآنِ پاک کی تقسیم ایک قابلِ تحسین اقدام ہے جس نے نہ صرف مسافروں کے دل جیتے بلکہ دیگر اداروں کو بھی نیکی کے اس عمل میں شریک کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کا تعاون ہی قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو مضبوط بناتا ہے۔ ایمرجنسی آفیسر واحد بخش، ریسکیو 1122 سکھر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل، ابتدائی طبی امداد اور فائر سیفٹی سے متعلق شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کا اشتراک عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایڈیشنل کنٹرولر سول ڈیفنس سکھر امیرالدین عباسی نے خصوصی ہدایات کے حوالے سے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی رہنمائی میں سول ڈیفنس کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال میں بروقت اقدامات ممکن ہوں۔ ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس سکھر نادر شہزاد خان کی خصوصی ہدایات پر محمد شفیق سومرو کی زیرِ نگرانی قرآنِ پاک کی تقسیم کا عمل مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر سول ڈیفنس روہڑی کے انسٹرکٹر امتیاز بھٹو، محمد یامین، امتشال پاشا اور پنہل سولنگی سمیت دیگر رضاکار بھی موجود تھے، جنہوں نے مسافروں میں آگاہی مواد تقسیم کیا اور ہنگامی تیاریوں کے عملی مظاہرے کیے۔ خصوصی طور پر نمایاں خطاب کرتے ہوئے آغا جبار خان نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طرح سندھ میں بھی سول ڈیفنس کو فعال اور مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کو ایمرجنسی ڈیوٹی کے دوران مناسب معاوضہ دیا جانا چاہیے، کیونکہ سول ڈیفنس روہڑی کے رضاکار گزشتہ پینتیس برسوں سے ہر بڑے سانحے میں بلا معاوضہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سول ڈیفنس کے ادارے کو جدید سہولیات، تربیت اور وسائل فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں تمام ادارے باہمی اشتراک اور قومی یکجہتی کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، جبکہ سول ڈیفنس کے رضاکار عوامی تحفظ، آگاہی اور ہنگامی امداد کے میدان میں اپنی خدمات مزید تيزی سے جاری رکھیں گے۔