ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے خلاف سکھر میں وکلاء کا احتجاج اور عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ
ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے خلاف سکھر میں وکلاء کا احتجاج اور عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ
سکھر (بیورورپورٹ)ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کے خلاف سندھ بار کونسل کی اپیل پر سندھ ہائی کورٹ بنچ سکھر اور سکھر کی ماتحت عدالتوں میں عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔ اس موقع پر وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا، جبکہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے بہادر ساتھیوں کی شہادت کو ایک عظیم سانحہ قرار دیا۔
سندھ ہائی بار ایسوسی ایشن سکھر کے صدر، نامور قانون دان قربان ملاڑو کی قیادت میں جنرل سیکریٹری نور حسن ملک، اختیار بھمبھرو، شیراز فضل اویسی، رخسار جونیجو، بدرالدین میمن، تنویر عباس شاہ، عبدالرحیم مہر، میر راز علی خان بجارانی سمیت دیگر وکلاء نے ریلی کی صورت میں احتجاج کیا۔ ریلی سندھ ہائی کورٹ بنچ سکھر سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی ایک مرکزی مقام پر مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ایران پر حملوں کی مذمت اور آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے بہادر ساتھیوں کی شہادت اسلامی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای اسلامی دنیا کے انتہائی مدبر اور بصیرت افروز رہنما تھے، جو ہمیشہ دین اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کی وحدت کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ایسے رہنما صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں اور انہوں نے ایرانی قوم اور ملک کا دفاع کرتے ہوئے شہادت کی اعلیٰ ترین منزل حاصل کی۔ وکلاء نے اسرائیل اور امریکہ کی اس جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ حملے نہ صرف ایران بلکہ پوری اسلامی امہ پر حملہ برابر ہیں۔
سندھ بار کونسل کی اپیل پر یہ بائیکاٹ پورے دن جاری رہا، جس کی وجہ سے عدالتوں میں مقدمات کی سماعت معطل رہی اور متعدد کیسز کی تاریخ تبدیل کی گئی۔ وکلاء نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر حملوں کی مذمت کرے اور اسلامی دنیا کی وحدت کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رہی اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔یہ احتجاج پاکستان بھر میں ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کا حصہ ہے، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیمیں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ سندھ ہائی بار ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ اس سانحے کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور اسلامی دنیا کی حمایت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔