سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تحصیل سلانوالی کے
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تحصیل سلانوالی کے دورے کے دوران یونیورسٹی آف سرگودھا کے مجوزہ سب کیمپس کی سائٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔کمشنر سرگودھا کو مقامی ایم پی اے رانا منور غوٹ کے ھمراہ سلانوالی میں دورہ کے موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی اور زمین کی دستیابی، بنیادی سہولیات اور تعمیراتی امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ سب کیمپس کے قیام کے لیے درکار تمام قانونی و انتظامی تقاضے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ علاقے کے طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم کی سہولت مقامی سطح پر میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ سلانوالی میں یونیورسٹی سب کیمپس کا قیام نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دے گا بلکہ علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔مقامی شہریوں نے سلانوالی میں یونیورسٹی سب کیمپس کے قیام کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے علاقے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔