سکھر: شکارپور پھاٹک کے قریب ڈکیتی، متاثرہ تاجر کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج
سکھر: شکارپور پھاٹک کے قریب ڈکیتی، متاثرہ تاجر کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج
سکھر (بیورورپورٹ) چک کے رہائشی اور سومرو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے شکارپور پھاٹک کے قریب مبینہ ڈکیتی کی واردات کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ملزمان کی فوری گرفتاری، لوٹی گئی رقم کی برآمدگی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں شامل متاثرہ تاجر احسان سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا چک شہر میں کریانہ ہول سیل کا کاروبار ہے اور وہ ہر ہفتے سکھر آ کر مال خرید کر واپس لے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق واقعے کے روز وہ خریداری کی غرض سے سکھر پہنچے اور شکارپور پھاٹک کے قریب رکشہ حاصل کیا تاکہ شہر جا سکیں۔احسان سومرو کا کہنا تھا کہ پھاٹک بند ہونے کے باعث رکشہ ڈرائیور نے متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے پل کی جانب رخ کیا۔“جیسے ہی ہمارا رکشہ پل کے نیچے پہنچا تو موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوش افراد اچانک ہمارے قریب آئے اور اسلحے کے زور پر میری جیب سے تقریباً سات لاکھ روپے سے زائد نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔”انہوں نے الزام عائد کیا کہ واردات کے مقام پر پولیس اہلکار اور دیگر افراد موجود تھے، مگر کسی نے مزاحمت یا تعاقب کی کوشش نہیں کی۔ متاثرہ تاجر کے مطابق وہ فوری طور پر متعلقہ تھانے، سائٹ ایریا، پہنچے جہاں موجود ایس ایچ او نے ابتدائی طور پر واردات کو “ڈرامہ” قرار دیا۔ بعد ازاں ان کے اصرار پر پولیس نے موقع پر جا کر تحقیقات کیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ احسان سومرو نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے اپیل کی کہ لوٹی گئی رقم فوری برآمد کر کے انہیں واپس دلائی جائے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر انہیں انصاف اور تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔