November 17, 2026

سکھر الیکٹرک پاور کمپنی: رمضان کے پہلے عشرے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی، باقی ایام میں بھی تسلسل برقرار رکھنے کا عزم

IMG-20260301-WA0228

سکھر الیکٹرک پاور کمپنی: رمضان کے پہلے عشرے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی، باقی ایام میں بھی تسلسل برقرار رکھنے کا عزم

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر اعجاز احمد چنہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پہلے عشرے میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، افسران اور عملے کی دن رات کی انتھک محنت اور موثر مانیٹرنگ کی بدولت صارفین کو سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے میں مکمل کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ باقی دو عشروں میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، سیپکو ریجن میں 600 سے زائد 11 کے وی فیڈرز معمول کے لوڈ پر چل رہے ہیں اور رمضان کے پہلے عشرے کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں کہیں بھی ایک منٹ کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی۔ اس دوران کسی قسم کا فالٹ یا ٹرپنگ کا واقعہ بھی پیش نہیں آیا، جو ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ معیار کی مانیٹرنگ اور ٹیم ورک کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوسرے اور تیسرے عشرے میں بھی اسی شاندار کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ صارفین سحر، افطار اور عبادات کے اوقات میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کسی تکلیف سے دوچار نہ ہوں۔انجینئر اعجاز احمد چنہ نے اس موقع پر سیپکو کے تمام فیلڈ فارمیشنز، افسران اور عملے کو ان کی انتھک محنت، ذمہ داری اور ایمانداری سے فرائض کی انجام دہی پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عملے کی اس لگن اور جذبے کی بدولت ہی رمضان کے پہلے عشرے میں صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہو سکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران اور عملہ اسی دیانتداری اور جوش و خروش سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے اور اس مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک کے پورے مہینے میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور بہتر خدمات کی فراہمی کا شروع کیا گیا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ سیپکو کا مقصد عوام کی سہولت اور اطمینان ہے، اور ادارہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ اس ضمن میں مانیٹرنگ ٹیموں کو مزید فعال بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔واضح رہے کہ سیپکو ریجن سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی تقسیم اور فراہمی کا ذمہ دار ہے، اور رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے سیپکو کی اس کارکردگی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ باقی رمضان میں بھی یہ تسلسل برقرار رہے گا۔