November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)ضلع سکھر میں ملکی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور سرحدی علاقوں میں جاری

IMG-20260301-WA0093

سکھر (بیورورپورٹ)ضلع سکھر میں ملکی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور سرحدی علاقوں میں جاری کشیدگی کے پیش نظر پولیس انتظامیہ نے ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)سکھر اظہر خان کی ہدایات پر ایس ایس پی سٹی کیپٹن (ر) محمد صہیب امین کی سربراہی میں ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں شرکاء کو ہدایات دیتے ہوئے ایس ایس پی اظہر خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں امن و امان کی برقراری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ضلع کے تمام پولیس افسران کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف فوری اور موثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔انہوں نے تاکید کی کہ تمام حدود میں غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی، ان کی گرفتاری اور قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اہم تنصیبات، سرکاری عمارتوں، سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں، گیس پائپ لائنز، ریلوے ٹریکس، ریلوے اسٹیشنز، عبادت گاہوں اور دیگر حساس مقامات کی سیکیورٹی کو انتہائی سخت کیا جائے۔ایس ایس پی نے پولیس موبائل گشت اور فٹ پیٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کرنے، داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کو مزید موثر بنانے اور جامع سرچ آپریشن جاری رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو کسی بھی قیمت پر برقرار رکھا جا سکے۔اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ دوران ڈیوٹی تمام پولیس اہلکار مکمل حفاظتی بلٹ پروف جیکٹس پہنے رہیں اور فوری رسپانس ٹیمیں ہر لمحہ تیار رکھی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں تاخیر نہ ہو۔یہ اقدامات ملکی سطح پر جاری سیکیورٹی ہائی الرٹ اور غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کے تناظر میں اٹھائے گئے ہیں، جن کا مقصد ضلع سکھر کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ بنانا ہے۔ پولیس انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ تھانوں یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت ایکشن ممکن ہو سکے۔