گھوٹکی: نجات مہران آپریشن میں ایک اور اہم کامیابی، دو انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے
گھوٹکی: نجات مہران آپریشن میں ایک اور اہم کامیابی، دو انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے
سکھر/گھوٹکی(بیورورپورٹ)سندھ حکومت کے احکامات پر کچے کے علاقوں میں جاری بڑے پیمانے پر آپریشن نجات مہران کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے نتیجے میں دو انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ ملزمان نے گھوٹکی پولیس کے سامنے سرینڈر کر دیا۔ یہ کامیابی لاڑکانہ/سکھر رینج کے ڈی آئی جی ناصر آفتاب کی دلیرانہ قیادت اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، سرینڈر کرنے والے ملزمان میں رانجھو ولد بڈھو شر اور رفیق عرف رقو ولد لعل بخش شر شامل ہیں۔یہ دونوں ملزمان متعدد سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب تھے، جن میں قتل، دہشت گردی، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین الزامات شامل ہیں۔ ان کے خلاف درج مقدمات کی نوعیت انتہائی سنگین بتائی جاتی ہے۔آپریشن کے دوران لاڑکانہ/سکھر رینج پولیس، وفاقی سول انٹیلی جنس ایجنسی اور سندھ رینجرز کی مشترکہ ٹیموں نے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور اغوا کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی۔ اس آپریشن کا واضح پیغام تھا کہ ڈاکو یا تو ہتھیار پھینک کر سرینڈر کریں یا پولیس مقابلے میں اپنے انجام سے دوچار ہوں۔ اسی دباؤ اور حکمت عملی کے نتیجے میں یہ دونوں ملزمان نے گھوٹکی پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔سرینڈر کے وقت ملزمان نے جرائم کی دنیا سے توبہ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے دیگر ساتھیوں کو بھی ہتھیار پھینک کر قانون کے سامنے پیش ہونے کا پیغام دیا۔ پولیس نے ان کے کرمنل ریکارڈ کو منسلک کر لیا ہے اور مزید تفصیلی چیکنگ جاری ہے۔ڈی آئی جی لاڑکانہ/سکھر رینج ناصر آفتاب نے کہا ہے کہ نجات مہران آپریشن ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور کچے کے علاقوں میں امن و امان کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔انہوں نے عوام کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ پیش رفت نجات مہران آپریشن کی مسلسل کامیابیوں کا حصہ ہے، جس کے تحت حالیہ دنوں میں متعدد مطلوب ڈاکوؤں نے سرینڈر کیا ہے یا گرفتار ہوئے ہیں۔آپریشن کی کامیابی سے کچے کے علاقوں میں رہنے والے عوام میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ بلا خوف روزگار اور معمول کی زندگی گزارنے کے قابل ہو رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن سندھ کے کچے علاقوں سے دہشت اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔