سکھر/کراچی(بیورورپورٹ)عورت فاؤنڈیشن کے قیام کے چالیس سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی
سکھر/کراچی(بیورورپورٹ)عورت فاؤنڈیشن کے قیام کے چالیس سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی کے بینکوئٹ ہال میں ایک شاندار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کے حقوق، جمہوریت، امن، سماجی انصاف اور مساوات کے لیے چار دہائیوں پر محیط جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران سب سے پہلے ممتاز خاتون رہنما غزالہ انجم کو لوکل گورنمنٹ لیڈرشپ ایوارڈ سے نوازا گیا، جو انہیں پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے پیش کیا۔ غزالہ انجم کو یہ اعزاز بلدیاتی سطح پر نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔اپنے خطاب میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ خواتین کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے عورت فاؤنڈیشن کی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو محض علامتی نمائندگی نہیں بلکہ ہر شعبے میں بامعنی شرکت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ہر بحث انہیں اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی یاد دلاتی ہے، جنہوں نے خواتین کی عملی اور مؤثر شمولیت پر یقین رکھا۔تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عورت فاؤنڈیشن کے لیے 5 کروڑ روپے (50 ملین) گرانٹ کا اعلان کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عورت فاؤنڈیشن کی صدر انیس ہارون نے خواتین کی تحریک کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 12 فروری 1986 سے قبل خواتین کو عوامی زندگی میں خاطر خواہ شناخت حاصل نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین نے برابری کے مطالبے پر لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کیں، لاٹھی چارج برداشت کیا اور قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں مگر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں۔تقریب میں خاتونِ اول نے عورت فاؤنڈیشن کی 40 سالہ جدوجہد پر مبنی کتاب کی رونمائی بھی کی اور ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی جس میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی خواتین کے حقوق کے لیے تاریخی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری کو گلوبل پیس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ اور لیڈرشپ ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ان میں اراکین قومی اسمبلی شازیہ مری اور رانا عنصر کو سیاسی قیادت، شہناز وزیر علی کو خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد، جبکہ جسٹس (ر) Majida Rizvi کو قانونی اور انسانی حقوق کی خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔دیگر اعزازات میں رابیہ ملک کو اسپیشل پرسنز لیڈرشپ ایوارڈ، پاکستانی نژاد امریکی نتالیہ رحیم کو کمیونٹی سروس ایوارڈ، نصرت بھٹو یونیورسٹی کے طلبہ کو زرعی ڈرون تیار کرنے پر ٹیکنالوجی انوویشن ایوارڈ، صحافی ماریہ اسماعیل، شاعرہ و مصورہ عالیہ مرزا، ڈی آئی جی شیبا شاہ، سسٹر کیتھرین، منگلا شرما، ایڈووکیٹ آسیہ منیر، مرزا اشتیاق بیگ اور ایڈووکیٹ غزالہ کاشف سمیت متعدد شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز پیش کیے گئے۔
تقریب میں صوبائی وزراء، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکریٹری سندھ، اعلیٰ سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ملک بھر سے عورت فاؤنڈیشن کی قیادت نے شرکت کی۔مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کے حقوق، انصاف اور وقار کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے صنفی مساوات، سماجی انصاف اور خواتین کی باوقار شرکت کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی، جبکہ عورت فاؤنڈیشن کی چالیس سالہ خدمات کو پاکستان کی خواتین کی تحریک کا سنگِ میل قرار دیا گیا۔