سکھر میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار، مقدمات درج
سکھر میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار، مقدمات درج
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں بھکاریوں کے منظم گروہوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے خلاف پولیس نے بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں، تاجروں اور پیدل چلنے والے مرد و خواتین کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہونے کے بعد ایس ایس پی سکھر اظہر مغل کی ہدایات پر خصوصی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران متعدد بھکاریوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ذرائع کے مطابق شہر کے مصروف کاروباری علاقوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں بھکاریوں کے گروپ باقاعدہ ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔ یہ افراد نہ صرف شہریوں سے زبردستی بھیک مانگتے بلکہ انکار کی صورت میں ہراسانی اور بدتمیزی پر بھی اتر آتے تھے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ان گروہوں کی وجہ سے خریداروں کو مشکلات کا سامنا تھا اور کاروباری ماحول متاثر ہو رہا تھا۔شہریوں نے شکایت کی کہ بعض افراد خواجہ سراوں کے روپ میں خواتین کو ہراساں کرتے اور زبردستی رقم طلب کرتے تھے، جس سے خواتین میں خوف و ہراس پایا جا رہا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایس ایس پی سکھر اظہر مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ور بھکاریوں اور منظم گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو ہراساں کرنے اور زبردستی رقم وصول کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ شہر میں امن و امان اور تجارتی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔دوسری جانب تاجروں اور شہریوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے شہر میں بھکاری مافیا کی سرگرمیوں میں کمی آئے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔