November 17, 2026

روہڑی کے قریب نیشنل ہائی وے پر قائم غیر قانونی کانٹے پر مبینہ بھتہ خوری، ڈرائیوروں اور صحافی پر تشدد کے خلاف شدید احتجاج

IMG-20260225-WA0291(1)

روہڑی کے قریب نیشنل ہائی وے پر قائم غیر قانونی کانٹے پر مبینہ بھتہ خوری، ڈرائیوروں اور صحافی پر تشدد کے خلاف شدید احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے نواحی علاقے روہڑی کے قریب نیشنل ہائی وے پر قائم ایک مبینہ غیر قانونی کانٹے کے عملے کی جانب سے بھتہ خوری اور ڈرائیوروں پر تشدد کے واقعات نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے، جس کے باعث علاقے میں شدید اشتعال پایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مذکورہ غیر قانونی کانٹے پر موجود بااثر افراد نے گزرنے والی گاڑیوں کو روک کر مبینہ طور پر زبردستی بھتہ وصول کیا۔انکار کرنے والے ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ انہیں ہراساں کیا گیا اور زبردستی رقم ادا کرنے پر مجبور کیا گیا۔واقعے کی کوریج کے لیے پہنچنے والے ایک مقامی صحافی کو بھی مبینہ طور پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ صحافی کے مطابق، موقع پر موجود بااثر شخص اصغر گھمرو اور اس کے ساتھیوں نے کوریج سے روکنے کی کوشش کی، انہیں گالیاں دیں اور ان پر حملہ کیا۔ صحافی کا کہنا ہے کہ ان کے پیشہ ورانہ سامان اور مائیک چھیننے کی بھی کوشش کی گئی۔اس واقعے کے خلاف صحافی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نیشنل ہائی وے پر جمع ہو گئی اور غیر قانونی کانٹے کے قیام، مبینہ بھتہ خوری اور صحافی پر تشدد کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے پر سرعام غنڈہ گردی اور صحافیوں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ صحافی پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور غیر قانونی کانٹے کو فی الفور بند کیا جائے۔احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر واقعے کا فوری نوٹس نہ لیا گیا اور ملوث عناصر کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔