November 17, 2026

سکھر پولیس: زمین کے تنازع پر قتل، ملزم گرفتار

IMG-20260225-WA0280

سکھر پولیس: زمین کے تنازع پر قتل، ملزم گرفتار

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر پولیس نے تھانہ سنگرار کی حدود میں زمین کے تنازع پر ہونے والے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مرکزی ملزم کو بروقت گرفتار کر لیا۔ کارروائی ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق واقعہ چند روز قبل پیش آیا جہاں زمین کی فروخت کے معاملے پر گھریلو تنازع شدت اختیار کر گیا۔ ملزم نیک محمد جکھرانی نے مبینہ طور پر اپنے چھوٹے بھائی یونس جکھرانی پر پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا تھا۔ایس ایس پی سکھر کے احکامات پر ایس ایچ او تھانہ سنگرار نے پولیس پارٹی کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی اظہر خان نے بروقت کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کے تنازعات اور دیگر ذاتی دشمنیوں کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات، اسلحہ کی برآمدگی اور دیگر ممکنہ شواہد کے حوالے سے تفتیشی عمل جاری ہے، اور چالان مکمل کر کے مقدمہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔