November 17, 2026

چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کا سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ، دو جدید آئی ٹی لیبارٹریز کا افتتاح۔

IMG-20260225-WA0283

چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کا سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ، دو جدید آئی ٹی لیبارٹریز کا افتتاح۔
چیئرمین ضلع کونسل نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی کے 261 طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

سکھر(بیورورپورٹ)چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) اور ڈیٹا سائنس لیبارٹریز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لیبارٹریز کا تفصیلی معائنہ کیا اور فراہم کی گئی جدید سہولیات کو سراہا۔ تقریب کے دوران چیئرمین ضلع کونسل نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی کے 261 طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ، پرو وائس چانسلر اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی نے نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ کھیلوں اور جدت کے شعبوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی کی بہترین کارکردگی اور طلباء کی محنت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع کونسل کی جانب سے مزید لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ابتدائی مرحلے میں 25 لیپ ٹاپ ضلع کونسل فراہم کرے گی۔ انہوں نے طلباء و طالبات کے لیے “سکھر ڈسٹرکٹ پیپلز آئی ٹی پروگرام” کے اجراء کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ طلباء جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ اور تخلیقی منصوبے پیش کریں۔ بہتر اور قابلِ عمل منصوبوں کے لیے ضلع حکومت اور سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ نے کہا کہ آج کی تقریب میں 261 طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی اے سکھر میرٹ کے اعلیٰ معیار پر مکمل طور پر پورا اترتا ہے اور یہاں کے طلباء آن لائن بزنس کے ذریعے خاطر خواہ آمدن بھی حاصل کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کی انتھک محنت اور مؤثر حکمتِ عملی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں اور ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔