صوبائی محتسب کے کنسلٹنٹ کی جانب سے نیو سکھر میں آگاہی سیشن، کام کی جگہ پر ہراسگی کے خلاف قانون پر تفصیلی بریفنگ
صوبائی محتسب کے کنسلٹنٹ کی جانب سے نیو سکھر میں آگاہی سیشن، کام کی جگہ پر ہراسگی کے خلاف قانون پر تفصیلی بریفنگ
خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، کنسلٹنٹ محتسب
کنسلٹنٹ محمد اقبال آرائیں کی جانب سے سرکاری و نجی اداروں کو اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں فعال بنانے کی ہدایت جاری
سکھر(بیورورپورٹ)صوبائی محتسب سندھ کی ہدایات پر ریجنل آفس سکھر کی جانب سے خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسگی سے تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے ساتواں آگاہی سیشن آج نیو سکھر سٹی میں واقع ایجو کیئر سندھ انسٹیٹیوٹ میں منعقد کیا گیا۔ آگاہی سیشن کی قیادت محتسب سندھ کے کنسلٹنٹ سکھر محمد اقبال آرائیں نے کی۔ جس کا مقصد ادارے کی فیکلٹی، اسٹاف اور انتظامیہ کو ایک محفوظ، باوقار اور امتیاز سے پاک کام کے ماحول کے قیام سے متعلق قانونی و اخلاقی تقاضوں سے آگاہ کرنا تھا۔ محمد اقبال آرائیں نے اپنے خطاب میں “کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسگی سے تحفظ کا ایکٹ 2010” کے اہم نکات پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے ہراسگی کی مختلف اقسام، شکایتی طریقہ کار، اور اداروں میں داخلی انکوائری کمیٹیوں کی تشکیل کی قانونی ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر سرکاری و نجی ادارہ قانون کے تحت پابند ہے کہ وہ اینٹی ہراسمنٹ پالیسی نمایاں طور پر آویزاں کرے، باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دے اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ہراسگی کے کسی بھی واقعے کو چھپانا یا نظرانداز کرنا جرم کے مترادف ہے اور ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنے ملازمین کے لیے سال میں کم از کم ایک مرتبہ تربیتی و آگاہی سیشن کا انعقاد لازمی بنائیں تاکہ قانون سے مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔ کنسلٹنٹ محتسب نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا محض قانونی تقاضا نہیں بلکہ ایک اخلاقی اور سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ایک محفوظ اور باعزت ماحول ہی پیشہ ورانہ کارکردگی، اعتماد اور ادارہ جاتی ترقی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قانون پر عملدرآمد میں غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ادارہ کے ڈائریکٹر نے صوبائی محتسب آفس کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایجو کیریئر سندھ انسٹی ٹیوٹ میں ہر ملازم کے وقار، سلامتی اور برابری کو یقینی بنایا جائے گا اور خواتین کے لیے ہراسگی سے پاک ماحول برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ادارے میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کو مزید فعال بنایا جائے گا اور شکایات کے ازالے کے لیے واضح اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا۔کنسلٹنٹ محمد اقبال آرائیں نے سیشن کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر ادارے کے ڈائریکٹر وقاص حیدر کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سکھر ڈویژن بھر کے تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور نجی تنظیموں میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو ان کے قانونی حقوق اور تحفظ سے مکمل آگاہی فراہم کی جا سکے۔ ریجنل آفس سکھر نے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ قانون پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، شکایات کے اندراج کے لیے آسان اور محفوظ نظام قائم کریں اور کام کی جگہ کو ہر قسم کی ہراسگی اور امتیاز سے پاک بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔